• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Rahat Fateh Ali Khans Zaroori Tha Reaches 200 Million Club
تحریر: ریحان احمد۔۔۔۔۔ ”یو ٹیوب“ جب سے آیا ہے سب کی گنتی بتارہا ہے کون کتنا دیکھا جارہا ہے صرف ایک ”کِلک“ سے پوری دنیا کو پتا چل جاتا ہے۔اب کسی کو اعدادوشمار کا گورکھ دھندہ یا بلند و بانگ دعوے دھوکہ نہیں دے سکتے۔

اسی یو ٹیوب پر سُروں کی شان راحت فتح علی خان کے گانے کی ویڈیوکو بڑا اعزاز ملا ہے۔راحت کے تین سال پہلے ریلیز ہونے والے البم”بیک ٹو لو“ کے گانے”تیری آنکھوں کے دریا کااترنا بھی ضروری تھا،محبت بھی ضروری تھی بچھڑنا بھی ضروری تھا“ کو یو ٹیوب پر اب تک20کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔

اس گانے کی ویڈیو میں راحت کے ساتھ گوہر خان ،کوشال ٹنڈن اورایلی اورم نظر آئے یعنی راحت فتح علی خان سے بڑا کوئی اور اسٹار نہیں تھا۔ گانے کا میوزک پاکستانی موسیقار ساحر علی بگا نے دیا تھا، جو یو ٹیوب پر 8 جون2014 کو ریلیز کیا گیا۔

اگر اعداد و شمار میں آپ کو الجھنا ہو تو ہم آپ کو الجھاتے ہیں کہ اس گانے کو ریلیز ہوئے اب تک تقریباً 1085 دن ہوچکے ہیں یعنی 20 کروڑ کے اسٹاپ تک پہنچنے کیلئے اس ویڈیو کواوسطاََ ہر روز تقریباً 1 لاکھ 84 ہزار نے ”کِلک“ کیا اور سریلی انکھیوں والے اونچے سُروں کا سرور لیا۔اس ویڈیو کو یو ٹیوب پر 6 لاکھ سے زیادہ ”لائکس “ بھی ملے۔

راحت فتح علی خان کا یہ وڈیو مقبولیت میں بالی ووڈ کے لاکھوں گانوں میں سے صرف تین گانوں سے پیچھے ہے۔یو ٹیوب پر سب سے زیادہ بار فلاپ فلم”بے فکرے“ کے مقبول گانے”نشے سی چڑھ گئی“کو دیکھا گیا ہے۔اس گانے میں رنبیر سنگھ اور ونی کپور نے جلوہ دکھایا۔ارجیت سنگھ کی آواز میں اس گانے کی ویڈیو کو صرف 7مہینے میں24کروڑ44لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے ۔

یو ٹیوب پر دوسرا مقبول گانا بھی ایک اور فلاپ فلم ”بار بار دیکھو“ کا ہے ،کترینا کیف اور سدھارتھ ملہوترہ پر پکچرائز ہونے والے گانا”کالا چشمہ “10ماہ میں24کروڑ42لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے۔

یو ٹیوب پر تیسرا مقبول گانا فلم ”عاشقی“ کا مقبول گانا ”دھیرے دھیرے“ کا ریمکس ورژن ہے ۔اس گانے کو یویو ہنی سنگھ نے گایا اور اس گانے میں ریتک روشن اور سونم کپور نے ایکٹنگ کا ٹشن دکھایا۔ یو ٹیوب پر اس ویڈیو کو18ماہ میں اب تک 22 کروڑ سے زیادہ ہِٹس مل چکی ہیں۔

راحت فتح علی خان کے گانے سمیت اب تک یہی چار گانے ہیں جو یو ٹیوب پر 20 کروڑ کا اسٹاپ پار کرچکے ہیں۔اب چاہے فلم رائے کا ”چٹیاں کلائیاں “ ہو یا رئیس کا ”لیلیٰ میں لیلیٰ“ سنی لیونی کا ”بے بی ڈول “ ہو یا” اے دل ہے مشکل “ کے گانے سب ابھی بہت پیچھے ہیں۔20 کروڑ کا اگلا اسٹاپ کراس کرنے کا امکان فلم ”بدری ناتھ کی دلہنیا“ کے ٹائٹل سانگ کا ہے۔

ویسے دنیا کی سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ویڈیو سانگ سے ابھی یہ سارے گانے پیچھے بلکہ بہت پیچھے ہیں۔دنیا کے سب سے مشہور ویڈیو سانگ جنوبی کوریا کے سِنگر ”پی ایس وائی“ کی ہے جن کی ویڈیو”گینگنم اسٹائل“ کو اب تک یو ٹیوب پر 2 ارب80 کروڑ یعنی280 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔ پانچ سال پہلے ریلیز ہونے والی اس ویڈیو کو اب تک 1800 دنوں میں روز اوسطاً 15 لاکھ افراد نے دیکھا ہے۔
تازہ ترین