• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج اورعمرہ ادارے چلانے والی مزید کمپنیاں کھولی جائیں، سعودی شوریٰ

More Hajj And Umrah Agencies Should Be Opened Saudi Shura
سعودی مجلس شوریٰ نے وزارت حج و عمرہ سے کہا ہے کہ وہ مزید حج اورعمرہ ادارے چلانے والی کمپنیاں قائم کرائے ۔ حج خدمات کا اہتمام کرنے والے ادارے شروع کرے۔یہ مطالبہ صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔

معاون صدر شیخ ڈاکٹر یحییٰ الصمعان نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ حج و آباد کاری و خدمات کمیٹی کا نقطہ نظر سننے کے بعد کیا گیا۔

شوریٰ نے وزارت حج و عمرہ سے کہا کہ وہ میقاتوں ، بری ، بحری اور فضائی راستوں اور حج سٹیز میں حجاج و معتمرین کو پیش کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنوائے۔

اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے ربط و ضبط پیدا کرے۔ شوریٰ نے وزارت حج و عمرہ سے کہا کہ وہ منیٰ ، عرفات و مزدلفہ میں بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پراستوار کرنے کیلئے مجلس الوزراءکے فیصلے کے مطابق مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے رابطہ پیدا کرے۔

گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہزادہ خالد الفیصل نے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد بنتن کی موجودگی میں مشاعر مقدسہ کے لئے ہنگامی منصوبے نافذ کرنے کیلئے7 معاہدوں پر دستخط کئے۔

بسوں کے راستے سے پیدل چلنے والوں کے راستے کو الگ کرنے کیلئے ایک پل قائم کیا جائے گا۔ طہارت خانے تعمیر ہوںگے۔ مسافر اسٹیشن اور گیٹ بنائے جائیں گے۔ نکاسی آب کے نالے کو ڈھکا جائے گا۔ چٹانوں کو گرنے سے روکنے کا انتظام ہوگا۔

کنگ فیصل پل کے مشرق میں ترک حجاج کے لئے شٹل سروس کے راستے کا ایک حصہ تعمیر کیا جائے گا۔ مزدلفہ میں ترک اور یورپی حجاج والے علاقے کو بہتر بنایا جائے گا۔

غیر عرب افریقی اور ایرانی حاجیوں کے لئے شٹل سروس روڈ میں ترمیم کی جائے گی۔ اسی طرح کے دیگر منصوبے روبعمل لائے جائیں گے۔
تازہ ترین