• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Dangal Ronaldo Bahubali And Messi
....ریحان احمد....’دنگل ‘اور’ باہو بلی 2 ‘باکس آفس پر وہی کھیل کھیل رہے ہیں جو میسی اور رونالڈوفٹبال میں ایک دوسرے کے ساتھ کرتے ہیں۔چوہے بلی ،ٹھاکر گبراور چور سپاہی کی طرح کبھی ایک آگے تو کبھی دوسرا۔

پہلے ’باہو بلی‘ نے ایک ایک کر کے’ دنگل‘ کے سارے ریکارڈ اپنے نام کیے، اب ’دنگل ‘کے داوٴ پیچ چِین میں ایسے چلے کہ اب کسی کو چین سے بیٹھنے ہی نہیں دے رہے۔

یہی چین کی کمائی کا کمال ہے کہ ایک بار پھر’ دنگل‘ دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلم بن گئی اور’ باہو بلی 2 ‘سے آگے نکل گئی۔

لکھنے والے شاید لکھتے لکھتے تھک جائیں لیکن ان دونوں فلموں کے کروڑوں کے ریکارڈز میسی اور رونالڈو کے گولوں کی طرح رُک ہی نہیں رہے۔ اب دونوں فلموں نے ایک اور سنگ میل ایک ساتھ عبور کرلیا ۔

فلم ’باہو بلی 2 ‘صرف بھارت میں ہزار کروڑ کا بزنس کرنے والی پہلی فلم بن گئی ہے۔ دوسری طرف ’دنگل ‘کو چینیوں نے اتنا لفٹ کرایا کہ چینی کمائی کے 800کروڑ کی وجہ سے ’دنگل‘ بھارت سے باہر ہزار کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے۔

’باہو بلی 2‘کا ہندی ورژن اگلے ہفتے تک 500کروڑ کا کلب بھی بنالے گالیکن صرف بھارت میں فلم نے چار زبانوں تیلگو،تامل،ہندی اور ملیالم میں 12سو کروڑ کمالیے۔

دنیا بھر میں اس فلم کی چاروں زبانوں میں کمائی 16سو کروڑ ہوچکی ہے۔بھارت میں 783کروڑ کمانے والی فلم’ دنگل‘ چینی زبان میں ڈب ہو کر اتنی میٹھی ہوئی کہ چینیوں نے فلم کو صرف 20 دنوں میں آٹھ سو کروڑ کا بزنس دیااور ابھی تو گنتی جاری ہے دوستو!

اس وقت دنیا بھر کے ہزار کروڑ اور بھارت کی کمائی ملا کر ’دنگل‘ کی کمائی 17 سو کروڑ ہوچکی ہے ۔جی ہاں 1700کروڑ کی یہ رقم پاکستانی روپوں میں27ارب روپے بنتی ہے۔

اب ’دنگل ‘کے پہلوان کی نظریں دنیا بھر سے 2ہزار کروڑ کمانے کے ریکارڈ پر لگ گئی ہیں۔فلم ’دنگل ‘دو ہزار کروڑ کمانے والی پہلی فلم نہیں بنی تو’ باہو بلی 2‘کے پاس یہ موقع آئے گا۔

فلم ’باہو بلی 2‘، ’دنگل‘ سے آگے بھی نکل سکتی ہے اوردو ہزار تو کیا ڈھائی ہزار کروڑ کمانے والی پہلی فلم بن سکتی ہے لیکن اس کیلئے فلم کو چین میں ریلیز اور چینیوں کو پسند آنا ہوگا۔
تازہ ترین