• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساہیوال پلانٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا، شہباز شریف

Sahiwal Power Plant Completed In Record Time Shahbaz Sharif
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کہتے ہیں کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، منصوبے کو 22 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرنا عالمی ریکارڈ ہے۔

ساہیوال کول پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کا منصوبہ سی پیک کا پہلا میگا پراجیکٹ ہے،ملکی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو ہر طرف اندھیرے تھے،2014ءمیں دھرنے پر بیٹھے لوگوں سے کہا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ نہ ڈالیں ،پھر انہوں نے دوبارہ 2016ء میں لاک ڈاؤن کی کوشش کی۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آج ہر طرف ترقی کا جال بچھایا جا رہا ہے، دھرنے کے باعث سی پیک کے منصوبوں میں تاخیر ہوئی ہے،دھرنے والوں کی ہٹ دھرمی سے چینی صدر کا دورہ تاخیر کا شکار ہوا،۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے تحت 36 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہورہے ہیں ،توانائی کا اتنا بڑا منصوبہ چینی قیادت کا وزیراعظم پراظہار اعتماد ہے ،چین ہمارے اسکولوں اور اسپتالوں کو اندھیرے میں نہیں دیکھ سکتا۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ محکموں نے دن رات محنت کرکے ریکارڈ قائم کیا،اگر 7 مہینے کی تاخیر نہ ہوتی تو یہ منصوبہ گزشتہ سال ستمبر میں مکمل ہوجاتا ۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ 18 سال سے رینگ رہاہے،دیامربھاشا پراجیکٹ دیکھا تو ہمارے طوطے اڑ گئے اس کی تو زمین بھی نہیں خریدی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 60 ارب روپے کی لاگت سے دیامر بھاشا ڈیم کے لیے زمین خریدی گئی ہے،نندی پور پاور پلانٹ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی ایک اور مثال ہے ،ماضی کی حکومتوں نے توانائی منصوبوں کے نام پر قوم کے اربوں روپے ڈبوئے،ان سابق حکومتوں نے کتنا ظلم کیا۔

وزیراعظم نے قوم سے اندھیروں کو دور کرنے کا وعدہ کیا تھا، سی پیک کے تحت منصوبوں پر قوم ہمیشہ نواز شریف کو یاد رکھے گی،دھرنے والوں کی لاک ڈاؤن کی کوشش کو بھی عوام نے ناکام بنادیا،آج لوگ الزامات کی بارش کررہے ہیں ،وہ جھوٹ بولتے ہیں ،ملک نوازشریف کی قیادت میں آگے جائے گا ۔
تازہ ترین