• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسامہ کی بیوہ نے اپنے شوہر کی ہلاکت کی تفصیلات بتادیں

Osamas Widow Revealed Details Of Osamas Death
القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی بیوہ ایمل نے 2011 میں امریکی اسپیشل فورسز کے ہاتھوں اپنے شوہر کی ہلاکت کے بارے میں تفصیلات میڈیا کو بتادیں۔

اسامہ کی سب سے چھوٹی بیوہ ایمل نے پہلی مرتبہ غیر ملکی میڈیا کو واقعے کی روداد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جس رات حملہ ہوا اسامہ بن لادن کی دیگر دونوں بیویاں اور ہمارے بچے بھی ساتھ موجود تھے۔

ساری فیملی رات کا کھانا کھا کر سو رہی تھی کہ اچانک رات تقریباً 11 بجے ہیلی کاپٹروں کی آواز سے ہماری آنکھ کھل گئی۔ اس وقت لوڈشیڈنگ کے باعث ہر طرف اندھیرا تھا اور کچھ سجھائی نہیں دے رہا تھا۔

ایمل نے بتایا کہ اس موقع پر اسامہ بن لادن نے ہانپتے ہوئے کہا کہ امریکی آ رہے ہیں۔ اس کے بعد دونوں باہر بالکونی کی جانب بھاگے لیکن اندھیرا زیادہ ہونے کی وجہ سے کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا، بس ہیلی کاپٹرز کی آوازیں تھیں اور ان میں سے سائے اتر کر کمپانڈ کی جانب پھرتی سے بڑھ رہے تھے۔

اگلے ہی لمحے ایک زوردار دھماکا ہوا اور امریکی فوجی کمپانڈ میں داخل ہو گئے۔ایمل نے بتایا کہ اسامہ بن لادن نے چلاتے ہوئے ہم سب سے کہا کہ انھیں میری ضرورت ہے، تمہاری نہیں، سب لوگ نیچے چلے جائیں۔

اسی اثنا میں ایک اور زوردار دھماکے کی آواز آئی اور امریکی فوجی اندرونی دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہو گئے۔ ان میں سے بعض فوجی عربی میں بات کر رہے تھے اور جانتے تھے کہ اسامہ بن لادن کا بیٹا خالد کون ہے۔

انہوں نے خالد کا نام لے کر اسے پکارا اور اس پر گولی چلا دی۔ یہ منظر دیکھ کر اسامہ کی بیٹیاں مریم اور سمیرا امریکی فوجیوں کی جانب بھاگیں لیکن عربی بولنے والے نے انھیں دھکا دے کر پھینک دیا۔

اس کے بعد امریکی فوجی کمرے میں داخل ہوئے جہاں میں اور اسامہ بن لادن موجود تھے، میں انھیں دیکھتے ہی ان کی جانب لپکی لیکن انہوں نے مجھ پر بھی گولی چلا دی، جو میری ٹانگ میں لگی اور میں بیڈ پر گر گئی۔

اس کے بعد امریکی فوجیوں نے اسامہ بن لادن پر گولیاں برسانا شروع کر دیں۔ ایمل نے بتایا کہ میں درد کی شدت کے باوجود اٹھنا چاہ رہی تھی لیکن میرے ذہن میں تھا کہ اگر مجھے زندہ رہنا ہے تو مرنے کی اداکاری کرنا پڑے گی۔

یہی سوچ کر میں نے اپنی آنکھیں بند کر لیں۔اسامہ بن لادن کی اہلیہ نے بتایا کہ اس کے کچھ لمحوں بعد امریکی فوجی بچوں کو دبوچ کر لے آئے اور کرختگی سے پوچھا کہ وہ اپنے والد کی شناخت کریں۔

اس موقع پر بیٹی مریم نے روتے ہوئے بتایا کہ یہی اس کے والد اسامہ بن لادن ہیں۔ تاہم امریکی فوجیوں نے اسامہ کی دوسری اہلیہ خیریہ سے کہا کہ وہ لاش کی شناخت کرے۔

جب امریکی فوجیوں کو یقین ہو گیا کہ یہی اسامہ بن لادن کی لاش ہے تو وہ اسے گھسیٹتے ہوئے سیڑھیوں سے نیچے لے گئے اور ہیلی کاپٹر میں ڈال کر روانہ ہو گئے، تاہم انہوں نے جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کو بھی تباہ کر دیا۔
تازہ ترین