• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کےبنی گالا جائیدادکی خریداری پر14سوالات

Supreme Court Ask 14 Questions On Bani Gala Land Purchase
سپریم کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے آف شور کمپنی اور بنی گالا کی جائیداد پر 14 سوالات پوچھ لیے۔

عدالت عظمیٰ نے پوچھا ہے کہ عمران خان بتائیں، بنی گالا کی زمین پہلے خریدی گئی، لندن سے رقم بعد میں کیوں آئی؟ 95کنال زمین کا ٹرانسفر طلاق کے بعد ہوا تو کاغذات میں جمائما کو زوجہ عمران خان کیوں لکھا گیا؟ لندن فلیٹ اپریل 2003ء میں فروخت ہوا تو اس کا کرایہ 2004ء تک کیسے وصول کیا گیا؟

سپریم کورٹ نے بینک کے ذریعے رقوم کی لین دین کا تما م ریکارڈبھی طلب کرلیا، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ سچائی کی تلاش کے لیے جو بھی کرنا پڑا، کریں گے۔

سپریم کورٹ نے عمران خان سے آف شور کمپنی اور بنی گالا کی جائیداد پر 14 سوالات پوچھ لیے، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ سچائی کی تلاش کے لیے جو بھی کرنا پڑا کریں گے۔

عمران خان کی آف شور کمپنی کے خلاف حنیف عباسی کی درخواست پرسپریم کورٹ میں سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کے وکیل کے سامنے 14 سوالات اٹھاتے ہوئے منگل تک جواب طلب کر لیا ہے۔

عمران خان سے پوچھے گئے سوالوں میں سے سوال نمبر 1 ہے کہ بنی گالہ اراضی پہلے لی گئی ، لندن سے رقم بعد میں آئی ، ادائیگی پہلے کیسے ہوئی ؟

سوال نمبر 2 : ثابت کیسے ہوگا کہ عمران خان کے دوست راشد کے اکاؤنٹ میں پیسے کب اور کہاں سے آئے ؟

سوال نمبر 3 : راشد خان نے جائیداد کے لیے خود سے رقم نہیں دی تو ادائیگی کے لیے پیسہ کہاں سے آیا ؟

سوال نمبر 4 : راشد خان کے اکاؤنٹ میں آنے والی رقم میں 2جگہ جمائما کا نام ہے ، باقی رقم کس نے بھیجی ؟

سوال نمبر 5 : طلاق کےبعد بنی گالہ میں 95 کنال اراضی کا جمائما کےنام انتقال کیسے ہوا، کاغذات میں زوجہ عمران خان کیو ں لکھا گیا ؟

سوال نمبر 6: چیک سرٹیفکیٹ کے مطابق جمائما کو قرض کی واپسی نیازی سروسز کمپنی نے کی تو یہ کمپنی بے معنی کیسے ہوئی ؟

سوال نمبر 7 : جمائما نے لندن سے پہلی رقم جولائی 2002 ءمیں بھیجی، اس وقت تک 135 کنال زمین خریدی جا چکی تھی؟

سوال نمبر 8: جمائما نے جو اضافی رقم لندن سے بھیجی اس کی ادائیگی راشد خان نے عمران خان کو کیسے کی؟

سوال نمبر 9: جمائما کی طرف سے بھیجی رقم میں مطابقت نہ ہوئی تو اسے عدالت کیا سمجھے؟

سوال نمبر 10: آف شور کمپنی کیسے اور کیوں بنائی جاتی ہے؟

سوال نمبر 11: 9 پاؤنڈ مالیت کی کمپنی ایک لاکھ 17 ہزار پاونڈز مالیت کا اثاثہ کیسے رکھتی تھی؟

سوال نمبر 12: کیا پاکستانی قوانین کے مطابق نیازی سروسز ظاہر کرنا ضروری تھی؟

سوال نمبر 13: 2002ء میں بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنا ضروری تھا یا نہیں، اگر تھا تو کاغذات نامزدگی میں غیر ملکی اثاثے کیوں ظاہر نہ کیے گئے؟

سوال نمبر 14: لندن فلیٹ اپریل 2003 ء میں فروخت ہوا، اس کا کرایہ 2004ء تک کیسے وصول کیا گیا ؟

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ نعیم بخاری صاحب! یقین ہے کہ آپ ہمارے سوالات سمجھ گئے ہوں گے، منگل تک تفصیلی جواب دیں۔

نعیم بخاری نے کہا کہ تمام سوالوں کے جواب دیں گے اور عدالت کو مطمئن کریں گے۔

عدالت نےالیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فنڈنگ سےمتعلق زیرالتوا مقدمات کی تفصیلات اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر بھی طلب کر لیا۔
تازہ ترین