• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عادل الجبیر پر حملے کی سازش ایران میں تیار کی گئی،جیمز میٹس

Plot To Kill Adil Al Jubair Was Approved At Highest Level In Iran James Mattis
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے موجودہ وزیر خارجہ عادل الجبیر پر قاتلانہ حملے کی سازش ایران میں اعلی سطح پر تیار کی گئی تھی۔

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے سی بی ایس نیوز نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ سابق سعودی سفیر پر حملے کی ایرانی کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے براہ راست منظوری دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں بدامنی اور عدم استحکام کی سازشوں پر بدستور عمل پیرا ہے۔جنرل میٹس کا کہنا تھا کہ ایران کا نظام حکومت انقلابی ہے جسے دوسرے ملکوں تک پھیلانے کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں سعودی عرب کے سابق سفیر اور موجودہ سعودی وزیر خارجہ پر چند سال قبل ایران نے قاتلانہ حملہ کرانے کی اس وقت ناکام کوشش کی تھی جب الجبیر واشنگٹن سے سیکڑوں میل دور تھے۔

ایک سوال کے جواب میں جیمز میٹس نے کہا کہ امریکی خفیہ اداروں کے پاس الجبیر پر قاتلانہ حملے کی ایرانی سازش کے ٹھوس ثبوت اور مصدقہ دستاویزات موجود ہیں۔ عادل الجبیر پر قاتلانہ حملے کی ایران کی اعلی قیادت کی طرف سے براہ راست منظوری دی گئی تھی۔

جیمز میٹس کام مزید کہنا تھا کہ ایران نے واشنگٹن میں متعین متعدد اہم شخصیات جن میں سفیر اور دیگر عہدیدار شامل ہیں کو قاتلانہ حملوں میں ہلاک کرنے کی سازشیں تیار کیں۔

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ مشرق وسطی کے ممالک بالخصوص لبنان، شام، عراق اور یمن میں جاری شورش کے پیچھے ایران کی تخریبی سوچ کار فرما ہے جو ان ملکوں میں تشدد کو ہوا دے رہا ہے۔
تازہ ترین