• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، استولہ جزیرہ سمندری تحفظ شدہ خطہ قرار

حکومت بلوچستان نے گوادر ضلعے کے علاقے پسنی میں واقع استولہ جزیرے کو سمندری تحفظ شدہ خطہ یعنی میرین پروٹیکٹیڈ ایریا کے طور پر قرار دینے کے حوالے سےجمعرات کو ایک اہم نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کا خاص مقصد اس قدرتی مناظر سے مالامال اور دنیا میں کورل ریف سمیت ناپید ہونے والی سمندری مخلوقات کےتحفظ کو حکومتی سطح پر یقینی بنانا ہے ۔

علاقے کو مختلف اقسام کی آلودگیوں سے پاک رکھنا بھی اس اقدام کا ایک اہم مقصد ہے۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے غیر معمولی ماحولیاتی اہمیت کے حامل استولہ جزیرے کو سمندری تحفظ شدہ خطہ قرار دینے کے اقدام کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

وفاقی وزیر زاہد حامد نے میڈیا سے خطاب میں کہا کہ چھ اعشاریہ سات اسکوائر کلومیٹر رقبے پر محیط استولہ جزیرے کو سمندری تحفظ شدہ خطہ قرار دلانے کے سلسلےمیں وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کافی عرصے سے بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں تھی ۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان کی وزارت موسمیاتی تبدیلی انڈس ڈیلٹا میں واقع انڈس کن یون، چرنا جزیرہ اور میاری ہور سمیت مختلف غیر معمولی سمندری علاقوں کو بھی استولہ کی طرح سمندری تحفظ شدہ علاقے قرار دلانے کے لیے صوبائی حکومتوں اور اداروں سے رابطے میں ہے۔

تازہ ترین