• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریفوں پر ظلم ہوا اور بچے ارب پتی بھی بن گئے ،عمران خان

Injustice Honorable And Even A Children Billionaire Imran Khan

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملزم اعلیٰ بتائیں ان کے خلاف کونسی سازش ہوئی ہے، کمال یہ ہے کہ شریفوں پر ظلم بھی ہوئے اور ان کے سارے بچے ارب پتی بھی بن گئے۔

بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ ہیٹ اور مافیا سوٹ پہن کر کسے بے وقوف بنایا جا رہا ہے؟ سب کو پتا تھا مے فیئر کےمحلات شریفوں کے ہیں، اس کی تصدیق ہوگئی، اس میں سازش کس کی ہے، یہ پکڑے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن میں ان سے جواب طلب کررہے ہیں کہ بتادیں فلیٹ کون سے پیسے سے خریدیے، پیسے کیسے باہر گئے، یہ اپوزیشن کا کام ہے سازش نہیں ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے احمد یار ہراج کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہا، ان کا کہنا تھا کہ وقت احمد ہراج کے فیصلے کو درست ثابت کرے گا۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ شریف خاندان جے آئی ٹی میں میچ ہار چکا ہے، نواز شریف نے پیشی سے باہر آکر لکھی ہوئی تقریر پڑھی، 1972ءمیں قومی ادارے قومیائے گئے تو صرف ان پر کیسےظلم ہوا؟ ایک خاندان جس پر ظلم ہو رہا ہے نے ایک سے 12فیکٹریاں بنالیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوا سال پہلے پاناما کے انکشافات دنیا بھر میں ہوئے، سب کو پتا تھا کہ مے فیئر کے محلات شریفوں کےہیں، تصدیق تب ہوئی جب پاناما میں انکشافات ہوئے۔

عمران خان نے کہا کہ سلیمان شہباز نے خود ٹی وی پر آکر کہا کہ ہماری بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے، مریم نواز نے بھی جائیداد کی تردید کی، شریف خاندان کے پاس ذرائع آمدن نہیں تھے اس لیے جھوٹ بولتے گئے، ہم نے جواب مانگا کہ اگر یہ آپ کی جائیداد ہے تو کہاں سے پیسے آئے اور باہر کیسے گئے؟

انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی وزیراعظم نےسازش نہیں کہا اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کاجواب دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بچےالگ جھوٹ بول رہے ہیں،نواز شریف نے سپریم کورٹ اور ایوان میں الگ بیانات دیے، صرف کلثوم نواز نےبرطانوی اخبار کو انٹرویو میں سچ کہا کہ بچوں کے لیے فلیٹس خریدے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ میں قطری شہزادہ لیکر آئے جو ایک اور جھوٹ تھا، کبھی بھی شریف خاندان کا احتساب نہیں ہوا، انھیں اندازہ ہوا ہے کہ صحیح احتساب ہو رہا ہے تو جے آئی ٹی کو ٹارگٹ کر رہےہیں۔

عمران نے مزید کہا کہ انہوں نے خود اپنے والد کو ٹیکس چور اور منی لانڈرر بنا دیا، وزیراعظم نوازشریف، شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے بچے اربوں پتی بن گئے، اگر 2006ء میں انہوں نے لندن کےفلیٹس خریدے تو 1999ء میں یہ فلیٹس کیوں ظاہر کیے گئے؟

نوازشریف کی کرپشن کے کیسز نیب میں زیر التوا ہیں، دونوں بھائیوں نے جے آئی ٹی سے واپسی پر ڈرامےکیے، ہم ان کی مظلومیت سے تنگ آگئے ہیں، پوری قوم سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور فیصلے کی منتظر ہے۔

تازہ ترین