• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ الیکشن تک شادی نہیں کروں گا، عمران خان کا بڑا اعلان

Imran Khans Big Announcement Will Not Marry Till The Next Elections

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بڑا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ آئندہ الیکشن تک شادی نہیں کروں گا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہےکہ پاناما کا ٹیسٹ میچ جیتنے کے قریب ہوں،جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی تو عید کے بعد بڑی تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ججز نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ قطری نہیں آئے گا تو خط ردی بن جائے گا، عنقریب سپریم کورٹ میں میچ جیتنے والے ہیں، جے آئی ٹی میں نواز شریف کو خود کو بے قصور ثابت کرنے کا موقع ملا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی متنازع بنانے کی کوشش کی گئی تو عید کے بعد بڑی تحریک چلائیں گے، جے آئی ٹی رپورٹ آنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکون آور گولیاں لے لیں، وزارتِ عظمیٰ کے لیے مریم کو تیار کیا جارہا ہے، ان کے پاس اور کوئی آپشن نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ 2017ء عام انتخابات کا سال ہے، اسی لیے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے، آرمی چیف نے شفاف الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے، بتایا ہے کہ ایک فوجی پولنگ اسٹیشن کے اندر اور ایک فوجی باہر ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی بتایا کہ شیخ رشید کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے، شیخ رشید نے مافیا کا زبردست مقابلہ کیا ہے، جلد انہیں تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے بتایا کہ شوکت خانم اسپتال کی3ملین کی انویسٹمنٹ تھائی لینڈ میں کی تھی جو واپس آ گئی تھی۔

تازہ ترین