• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی کی فتح پاکستان کرکٹ کو آگے لے جائے گی، سرفراز

The Victory Of The Champions Trophy Will Take Pakistan Forward Sarfaraz Ahmed

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اس ایونٹ کی جیت سے ملکی کر کٹ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

ایک غیر ملکی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہایہ جیت پاکستان کی کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائے گی لیکن اس کے لیے تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اب اگلے ایوٹنس کے لئے کھلاڑیوں کو اپنی کامیابی کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ میری کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔، یہ نہیں سمجھتا کہ ٹرافی جیت کر تیس مارخان بن گیا ہوں ۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دی گئی تو اس میں بھی پاکستان کی برتری ثابت کرنے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنا قدرتی کھیل کھیلا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی، جب سرفراز احمدکپتان بنے تو انہوں نے اپنے تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بے خوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں۔ نوجوان کرکٹرز نے اس پر عمل کیا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

سرفراز احمد اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ اگر انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو وہ فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔

سرفراز نے کہا کہ سوچا نہیں تھا بھارتی ٹیم اتنی آسانی سے ڈھیر ہو جائے گی، فائنل میں کوہلی کا پہلا کیچ چھوٹا تو گھبرایا نہیں ،کوہلی آؤٹ ہوا تو ساٹھ فیصد جیت کا یقین ہوگیا۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں تھوڑا نروس ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں بڑے بڑے نام تھے، ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ آئی سی سی کی ٹیم کا کپتان بننا فخرکی بات ہے۔ کپتان نے کہا کہ رویہ مثبت ہو تو ہر طرف سے مدد ملتی ہے، اللہ نےٹیم اور قوم کو بڑی عزت سےنوازا، شادی کے بعد تمام چیزیں اچھی ہورہی ہیں، پہلامیچ ہارےتو ٹیم کا مورال بہت ڈاؤن ہوگیا تھا، مجھ سےجو بھی غلطی ہوئی، اسے تسلیم کیا۔

سرفراز نے کہا کہ کیریئر میں اتنا شاندار استقبال کبھی نہیں دیکھا، لوگوں کا جوش وخروش دیکھ کر بےحدخوشی ہوئی، موقع موقع عوام کی خواہش پر گایا، ٹیم کی یہ فتح ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، کھلاڑیوں کو جتنا کریڈٹ دیا جائے، کم ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونےکا پاکستان کو بہت نقصان ہوا۔

 

تازہ ترین