• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Eid Ul Fitertwo Pakistani Films Ready For Release

میٹھی عید سینما گھروں کی بڑی اسکرین پر پوری فیملی کے ساتھ خوب ہنگامہ مچے گا، عید الفطرپرپاکستانی اردو، پشتو کے ساتھ ہالی ووڈ کی فلمیں بھی ہلچل مچا کر سب سے عیدی سمیٹنے آرہی ہیں، سلمان خان کی ٹیوب لائٹ کو عید پر پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا۔

عید الفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی اردو فلموں میں سوشل میوزیکل کامیڈی ”مہرالنساء وی لب یو“اور ایکشن سے بھرپور ”یلغار“ میں مقابلہ ہے، سب کی خواہش ہے کہ یہ دونوں پاکستانی فلمیں باکس آفس پرہٹ ہوں اور سب کو” اینٹرٹین“ کرکے اپنا بینک اکاوٴنٹ بھرنے میں کامیاب ہوں۔

ان دونوں پاکستانی فلمز کے علاوہ ہالی وڈ کی ایڈوینچر سے بھرپور ’پائرٹس آف دی کیئریبین 5‘ سائنس فکشن ایکشن ہنگامہ ’ٹرانسفارمر 5‘اور ایک اینی میٹیڈ انگلش فلم شامل ہے،مصطفی قریشی اور رابی پیرزادہ کی ’شور شرابہ‘ عید سے تھوڑے دن پہلے ہی باقی فلموں کیلئے میدان چھوڑ گئی۔

عید کی فلموں میں سب سے پہلے بات ’رانگ نمبر‘ جیسی کامیاب کامیڈی فلم بنانے والے ہدایتکار یاسر نواز کی فلم ’مہرالنسا ء وی لب یو‘ کی، جس نے اپنے نام، گانوں اور بینرکی وجہ سے ہی فورا ہی سب کی توجہ حاصل کرلی،اس فلم میںرانگ نمبر والے دانش تیمور اور نیو اینٹری ثنا جاوید نے لیڈ رول ادا کیا ہے، ان دونوں کے علاوہ فلم میں ”رانگ نمبر“ سے ”نامعلوم افراد“ سمیت ہر دوسری پاکستانی فلم کی جان سپر اسٹار جاوید شیخ صاحب بھی شامل ہیں۔

پروڈیوسر حسن ضیاء کے مطابق فلم کا سیٹ پاکستان کے مہنگے ترین سیٹس میں سے ایک ہے،جو 2کروڑ روپے بنا،جوفلم کی ضرورت کے مطابق ایک پورے محلے کا منظر پیش کرتا ہے،فلم کی شوٹنگ کراچی کے علاوہ گلیات جیسے ٹھنڈے اور برفباری والے علاقوں میں بھی کی گئی ہے،فلم کا میوزک اچھا بھی ہے اور کامیاب بھی،گلزار صاحب کے لکھے ہوئے گیتوں نے ریلیز ہوتے ہی سب کو اپنا دیوانہ بنالیا ہے۔

فلم کا ٹریلر اور ٹیزر دونوں انٹرنیٹ پر 10لاکھ بار دیکھے گئے، گانے دیکھنے اور سننے والوں کی تعداد20 لاکھ سے بھی زیادہ ہے،فلم ”مہرالنساء و ی لب یو“ میں عید والی فلموں کے سارے لوازمات موجود ہیں،ہٹ میوزک اور گانے، زبردست کامیڈی،جھلملاتارومانس، رشتوں کے جذبات،گلیوں کا ایکشن،ذومعنی مکالمے اور ہمارے معاشرے کیلئے پیغام۔یعنی سیٹیاں اور تالیاں بجیں گی اور خوب بجیں گی۔

فلم کی ایک اور پروڈیوسر ندا یاسر کا کہنا ہے کہ ”مہرالنسا ء“ فلم نہیں پورے بارہ مسالحوں کی چاٹ ہے۔فلم میں لوکیشن بھی زبردست ہے اور ان کی عکاسی بھی۔ مکالموں اور عکاسی میں یاسر نے ٹیم بدلی ہے ابھی تک توسب اچھا ہے لیکن حتمی نتیجہ ریلیز کے بعد ہی آئے گا۔اب تک کی ٹریڈ رپورٹ اور رسپانس دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ فلم عید کی فلموں کی دوڑ میں اول آئے گی۔

اگر یہ فلم یاسر نے ”رانگ نمبر“ کی طرح بُنی ہوگی تو فلم 20سے 30کروڑ کا بزنس آرام سے کرسکتی ہے۔فلم کی کاسٹ نے پروموشن سے لیکر ریڈ کارپٹ پریمیئر میں خوب حصہ لیا یعنی پروموشن کے میدان میں بھی یہ فلم باقی ساری فلموں سے آگے نظر آئی۔ فلم کا ایک اور مثبت پہلو فلم کا بجٹ ہے جو لگ بھگ7سے8کروڑ کے درمیان ہے۔اس رقم میں پروموشن، پبلسٹی، ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

عید پر ریلیز ہونے والے دوسری فلم ایکشن، جوش، جذبے اور جنون سے بھرپور ’یلغار“ کو پاکستان کی اب تک مہنگی فلم بھی کہا جارہا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں سپر اسٹار شان،سپراسٹار ہمایوں سعید،جانان اور اشتہاری فلموں سے مشہور ہونے والے بلال اشرف اور علی رحمان خان سمیت ایوب کھوسو،عدنان صدیقی، گوہر رشید،عاشر عظیم اور عائشہ عمر سمیت بڑی اسٹار کاسٹ شامل ہے۔

اس بڑی فلم کا بجٹ 22کروڑ سے 25کروڑ کے درمیان ہے۔ فلم کے زبردست اور دھواں دار ایکشن میں گولیوں کی تڑ تڑ اور ہیلی کاپٹرز کی پروازیں اور حملے بھی شامل ہیں۔فلم پاکستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں ریلیز ہورہی ہے۔ فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر حسن رانا ہیں جنھوں نے فلم ”وار“ لکھی اور پروڈیوس کی تھی۔شاید یہی وجہ ہے کہ فلم ”وار“ اور ”یلغار“ کی کہانی، نام اور کردار کافی ملتے جلتے ہیں۔ لیکن اب ان دونوں فلموں کے درمیان چار سال کا عرصہ ہے جو فلم کو کامیاب کراسکتا ہے۔

فلم میں دہشت گردی اور اس کے خلاف جنگ موضوع ہے۔شان ہیرو تو ہمایو ں سعید خطرناک ولن بنے ہیںاور ان دونوں سپر اسٹارز کے فین فلم کو دیکھنے ضرور آئیں گے۔فلم کے موضوع کی وجہ سے ٹریلر میں بھی نہ تو کوئی گانا تھانہ ہی کامیڈی لیکن فلم کی ریلیز سے پہلے شفقت امانت علی کے درد بھرے گانے نے سب کے دل جیت لیے۔

ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ ان کا کردار بہت زیادہ ”ڈارک “ اور برا ہے اتنے خطرناک ولن کا کردار نہ انھوں نے کبھی ادا کیا نہ ہی آئندہ کریں گے۔فلم ویسے کافی عرصے سے ریلیز کا انتظار کر رہی تھی فلم کا پہلا ٹریلر2015میں ریلیز ہوا تھا۔بلال اشرف اور علی رحمان خان جانان سے بھی پہلے اس فلم میں کاسٹ ہوئے تھے اور اب جانان کو ریلیز ہوئے ایک سال کا وقت بیت گیا۔

فلم میں ایکشن کے ساتھ جذبات اور ستاروں کی بارات ہے جو فلم کو باکس آفس پر کامیابی دلا سکتے ہیں۔فلم کے پروڈیوسر،رائٹر اور ڈائریکٹر حسن رانا، ہمایوں سعید ایوب کھوسو سمیت فلم کی کاسٹ نے پروموشن میں زوردار حصہ لیا ۔

ریلیز سے پہلے مارکیٹنگ کیلئے فلم کے ہیروشان بھی میدان میں اترے۔عید پر ریلیز ہونے والی ان تمام فلموں میں سے فلم بین کس سے زیادہ”لب“ کریں گے کس کو دیکھنے کیلئے تھیٹرز میں ”یلغار“ ہوگی،یہ سب کچھ ایک ہفتے بعد سب کے سامنے آجائے گا۔

تازہ ترین