• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیرخارجہ کی پاکستان آمد قابل تحسین ہے، صدر ممنون حسین

Chinese Foreign Ministers Visit Of Pakistan Is A Happy Occasion President Mamnoon

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چینی وزیرخارجہ کی دورہ افغانستان کے بعد پاکستان آمد قابل تحسین ہے، چینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں استحکام کیلئے پاکستان، چین اور افغانستان کا مشترکا اجلاس ہونا چاہیے۔

صدر مملکت نے یہ بات چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

چین کے وزیرخارجہ وفد کے ہمراہ صدر مملکت سے ملاقات کرنے ایوان صدر پہنچے تھے، ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، چین کے سفیر سن وی ڈونگ، افغان امور کے لیے چین کے خصوصی نمائندے ڈینگ ژی جن کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ افغانستان اور خطے میں استحکام کے سلسلے میں چین کی سنجیدہ کوششیں اس کے اخلاص کی مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہش مند ہے تاکہ خطے میں استحکام پیدا ہوسکے، اس سلسلے میں ہرسنجیدہ کوشش کا ساتھ دیں گے، پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر کاربند ہے اور جموں و کشمیر کے مسئلے سمیت بھارت کے ساتھ تمام متنازع مسائل کے پُرامن حل کا خواہشمند ہے۔

صدر مملکت کا کہناتھاکہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور 2 مغوی چینی باشندوں کے اغواکاروں کو گرفتار کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے 15 ہزار جوانوں پر مشتمل ایک خصوصی سیکورٹی ڈویژن قائم کر دیا گیا ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اور پاکستان چین کے دشمنوں کو اپنی سلامتی کے لیے بھی خطرہ سمجھتا ہے، صدر مملکت نے چینی وزیر خارجہ کو ایک خطہ ایک شاہراہ جیسے دوررس نتائج کے حامل فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان چین اور افغانستان کے مشترکا اجلاس کی تجویز پیش کی اورکہا کہ پاکستان خطے میں استحکام پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان اور افغانستان چین کے ہمسایہ ممالک ہیں جن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خطے میں استحکام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا مستقبل روشن ہے اور یہ دوستی ہمیشہ قائم رہے گی، چینی وزیرخارجہ نے توقع ظاہر کی کہ سی پیک کے تحت بجلی کی پیداوار کے منصوبے وقت سے پہلے مکمل ہو جائیں گے، اس کے بعد مزید کئی ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ او بور فورم میں وزیراعظم نوازشریف نے بہت تعمیری کردار ادا کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، انہوں نے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے خصوصی فورس کے قیام پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی باشندوں کے اغوا اور مجرموں کی سرکوبی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، چینی وزیرخارجہ نے چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔

تازہ ترین