• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین کا باہمی تعاون اور رابطے کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

Pakistan And China Agreed To Strengthened Contacts And Mutual Contacts

پاکستان اور چین نے امن اور سلامتی کے مشترکا چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور رابطے کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب میںمشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان مسلسل یہ بات کہتارہا ہے کہ افغانستان میں امن وسلامتی ہمارے مفاد میں ہے اور ایک مستحکم افغانستان سے اقتصادی ترقی اور علاقائی روابط کے ہمارے مشترکا ایجنڈے کے فروغ میں مدد ملے گی۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ ہم نے دوطرفہ تعلقات، بشمول سیاسی، اسٹریٹجک اور اقتصادی تعاون میں پیشرفت کا جائزہ لیا اور پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار دوستی کو مزید فروغ دینے کیلئے شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتا ہے اور جنوبی ایشیاء میں اسٹرٹیجک توازن کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین کو انسداد دہشت گردی، سرحدی انتظام اور افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ واپسی سے متعلق افغان حکومت کے ساتھ تعاون مستحکم کرنے کی اپنی کوششوں کے بارے میں بتایا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ ان تجاویز کے مطابق پاکستان، افغانستان اور چین نے پاک افغان تعلقات کے تمام پہلوئوں خصوصاً اقتصادی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیلئے وزرائے خارجہ کی سطح کی بات چیت پر اتفاق کیا ہے،افغانستان، پاکستان اور چین نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کیلئے سازگار ماحول قائم کرنے کی غرض سے 4 ملکی رابطہ گروپ کے عمل کی بحالی پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قرنانیاں دی ہیں اور دنیا کو ان کوششوں کو تسلیم کرنا اور سراہنا چاہیے۔

چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین ترقی اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کا خوہشمند ہے اور دیرپا امن کیلئے پاکستان اور افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

تازہ ترین