• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی احمد پور شرقیہ آمد، سانحہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا

Pm Nawaz Arrives At Ahmedpur Sharqiya Orders Inquiry On Tanker Tragedy

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے گا، واقعہ کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا ۔ زخمیوں میں دس لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کیے ۔

وزیراعظم نواز شریف نے دورہ لندن مختصر کرکے وطن واپسی کی اور احمد پور شرقیہ میں حادثے کے مقام کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ پر ہر دل غم زدہ اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

وزیراعظم کا بہاولپور پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر مملکت بلیغ الرحمان اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر کمشنر بہاولپور نے سانحے سے متعلق اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ صبح 6بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، کراچی سے بہاولپور جانے والے آئل ٹینکر میں 25000 لیٹر تیل تھا۔عوام نے گرے ہوئے تیل کو اٹھانا شروع کردیا اور اس دوران آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹا اور 265 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔سانحے میں 150 سے زائد افراد جاں بحق اور 125 زخمی ہوئے ۔

وزیراعظم نے حادثے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے گا ، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے واقعات کو مثال بنانا چاہیے تاکہ آئندہ درست اقدامات کیے جاسکیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا جبکہ زخمیوں میں 10لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے ۔ اس موقع پر انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین اورزخمیوں کو نوکریاں دینے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے سانحے میں جاں بحق افراد کیلئے دعا بھی کرائی۔

 

تازہ ترین