• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ احمد پور، جاں بحق افراد کی تعداد 157،مقدمہ درج

Ahmedpur Tragdy Casualties Reached 157 Case Registered

سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد آج عید آئی تو خوشیوں کے بجائے غم کے پہاڑ ساتھ لائی، درجنوں جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشکبار تھی، واقعے کا مقدمہ ڈرائیور، مالک اور منیجر کے خلاف درج کرلیا گیا، حادثے کے بعد2 دن میں مزید 31 زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 157 ہوگئی۔

عید منائی نہ گلے ملے،احمد پور شرقیہ میں آج جیسی عید شاید کبھی نہیں منائی گئی،پکا پل کی بستی رمضان جوئیا میں ہر گھر سوگوار ہے ۔

عید کے دن اہل علاقہ ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد کے بجائے پُرسہ دیتے رہے، کئی جنازے اٹھے تو کہرام مچ گیا، آج نشتراسپتال ملتان میں 5 شدیدزخمی زندگی کی بازی ہارگئے، جس کے بعد ملتان میں اس سانحے کے جاں بحق افرادکی تعداد11ہوچکی ہے جبکہ 48زخمی اب بھی یہاں زیرعلاج ہیں۔

دلخراش واقعے کا مقدمہ ٹینکر ڈرائیور، مالک اور منیجرکے خلاف درج کرلیاگیاہے، ایف آئی آر کے مطابق حادثہ تیز رفتاری سے کار کو اوورٹیک کرنے پر پیش آیا، ملبا ہٹانے کےلئے مشینری پہنچی تولوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوچکی تھی۔

گزشتہ روز قومی شاہرہ پر آئل ٹینکر سے بہنے والے تیل میں آگ لگی تو وہاں موجود بچوں اور بڑوں پر جیسے قیامت ٹوٹ پڑی اور کئی قیمتی جانیں دیکھتے ہی دیکھتے لقمہ اجل بن گئیں ۔

تازہ ترین