• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا بھارت کی زبان بولنا قابل تشویش ہے، وزیر داخلہ

Us Speaking Indias Language Is Concern Interior Minister

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہےکہ یہ بات انتہائی قابل تشویش ہے کہ امریکی انتظامیہ ہندوستان کی زبان بولنے لگی ہے، امریکا نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے دورہ واشنگٹن پرحزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت نہ صرف کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہے بلکہ روز اوّل سے حق خود ارادیت کی جائز اور منصفانہ تحریک کو دبانے اور آزادی کی کاوشوں کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور جس کے غاصبانہ طرز عمل پر ہر بااصول اور باضمیر قوم کو تشویش ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کی وائٹ ہاؤس یاترا کے بعد امریکی حکومت کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ امریکا کے نزدیک معصوم کشمیریوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں۔

چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ لگتا یوں ہے کہ شاید انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کا کشمیر میں اطلاق نہیں ہوتا اور وہاں انسانی حقوق کی پامالی اور معصوموں کے خون کی ہولی کھیلے جانے جیسے سنگین جرائم کو بھی فراموش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بد ترین ریاستی دہشت گردی میں ملوث حکومت کے کردار کو دانستہ طور پر فراموش کرنے سے جہاں انصاف، اقدار اور بین الاقوامی اصولوں کو ٹھیس پہنچتی ہے، وہاں انسانی اور جمہوری حقوق کی علمبردار طاقتوں کے دہرے معیار کی بھی قلعی کھلتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قومی اتفاق، عزم، حوصلے اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنے کشمیری بھائیوں کو واضح پیغام دیں کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت میں کسی قسم کی لغزش نہیں آئے گی اور ہم ثابت قدمی سے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑتے رہیں گے اور بین الاقوامی برادی کا ضمیر جھنجھوڑتے رہیں گے۔

چوہدری نثار نے یہ بھی کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق پر کسی قسم کی کوئی سودے بازی نہیں ہوگی اور انصاف کے تقاضوں اور اقوام متحدہ کی قراداوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا جائز حق ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا مقدر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔

تازہ ترین