• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں بچوں کی پہلی سپر ہیرو فیچر فلم، ’ 'چلڑ فورس‘

The First Super Hero Feature Film In Pakistan Chillar Force

پاکستان میں بچوں کی پہلی سپر ہیرو فیچر فلم’ 'چلڑ فورس ‘میں پانچ بچے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جنھیں ملک بھر میں آڈیشن کے ایک طویل مرحلے کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔

'چلڑ فورس ایک سپر ہیرو فلم ہے، جس میں یہ پانچ بچے اپنی منفرد صلاحیتیں استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔

فلم کا پہلا حصہ سندھ میں شوٹ کیا جا رہا ہے جہاں بچوں کو خصوصی ڈانس اور ایکٹنگ کی کلاسز بھی دی گئی ہیں جبکہ فلم کا باقی حصہ پنجاب اور بلوچستان میں شوٹ کیا جائے گا۔

فلم کی شوٹنگ گذشتہ ہفتے کراچی میں شروع ہوئی ہے۔ فارس پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی اس فلم کو فرحان قیصر پروڈیوس کر رہے ہیں جو پچھلے 13 سال سے پاکستانی ڈرامے بنا رہے ہیں۔

یہ ان کا پہلا فلم پروجیکٹ ہے جس کے لیے انھوں نے ملک بھر سے دو مہینے تک آڈیشن کیے جن کے نتیجے میں بشر مشافی، ادا راشی، کبیر منیال، عبدالرحمان اور بشری راشد کا انتخاب عمل میں آیا۔

ابتدائی اندازوں کی مطابق فلم کا بجٹ آٹھ کروڑ کے لگ بھگ ہے۔فرحان قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بچوں کی فیچر فلم کی لیے فنڈنگ حاصل کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ دراصل فلم کا سکرپٹ پہلے تیار کیا گیا اور پھر کرداروں کے حساب سے اداکاروں کی تلاش کی گئی۔ ہم نے مختلف شہروں میں جا کر تقریبا دس ہزار سے زیادہ بچوں کے آڈیشن لیے تب جا کر یہ پانچ بچے ملے۔

ایڈیشن سے لے کر فلم کی شوٹنگ شروع ہونے تک کا سفر کے بارے میں برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے دس سالہ بشر مشافی کا کہنا تھا کہ انھیں تو خود پروڈیوسرز نے ہی منتخب کیا۔میں شاپنگ مال میں جا رہا تھا تو دیکھا کہ وہاں شوٹنگ ہو رہی ہے۔ پروڈیوسر نے مجھے دیکھا اور بلا کر پوچھا کیا آپ شوٹ کرنا چاہیں گے، تو میں نے کہا ہاں دیکھتے ہیں شوٹ کیسے ہوتی ہے۔

فرحان قیصر پرعزم ہیں کہ چاہے جتنی مشکلات آئیں، وہ اس فلم کو ضرور مکمل کریں گے۔

ان بچوں کے علاوہ اس فلم میں عائشہ عمر، احمد بٹ، شفقت چیمہ، ٹیپو، سلیم معراج اور رے پاپنز بھی کام کر رہے ہیں اور فرحان کے مطابق شائقین کی دلچسپی کے لیے فلم میں انڈسٹری کے تمام مشہور اداکاروں کی 'سپیشل اپیئرنس بھی رکھی گئی ہے۔

تازہ ترین