• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں موسلادھار بارش، کرنٹ لگنے سے 2افراد جاں بحق

Heavy Rain In Karachi Two Died Of Current

کراچی میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے عید کے پہلے دن سے جاری شدید گرمی کا زورتوڑ دیا،شہر میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کرنٹ لگنے سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعات اورنگی ٹاؤن ڈبہ موڑ اور کیماڑی میں پیش آئے، واضح رہے کہ بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک نے وارننگ جاری کی تھی کہ شہری بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔

ادھر کراچی میں شدید گرمی کا خاتمہ کرنے والی بارش کو شہریوں نے دل بھر کے انجوائےکیا، کوئی گھر کی چھت پر پہنچا تو کسی نے گرما گرم چائے کے ساتھ سموسے اور پکوڑوں کے مزے اڑائے۔

کراچی میں جاری کئی روز سے شدید گرمی کا زور بل آخر ٹوٹ ہی گیا،ابر باراں ایسا کھل کر برسا کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔

شام ہوتے ہی شہر نے کالے بادلوں کی چادر اورڑھ لی اور پھر ابر باراں برسنا شروع ہوا، شہر کے مضافاتی علاقوں گڈاپ اور ملیر سے اور کچھ دیر بعد پورے کراچی میں ہی بادل کچھ ایسے برسے کہ پورا شہر ہی جل تھل ہوگیا۔

گرمی سے پریشان شہریوں نے بارش کو خوب انجوائے کیا، کوئی چھتوں پر پہنچا، کوئی سموسے اور پکوڑوں کی دکان پراور تو اور ڈھابے کی گرما گرم چائے نے بھی سماں باندھ دیا۔

ہنستے کھیلتے بچے بارش انجوائے کرنے سڑکوں پر نکل آئے، سموسوں، پکوڑوں کی دکانوں پر رش لگ گیا، شہر کی کئی سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے لگا۔

تیز بارش کے باعث گڈاپ کے ندی نالے بھرنے لگے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ مزید 2 دن تک جاری رہ سکتا ہے ،یعنی شہر میں بارش وقفے وقفے سے جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں عید کی آخری چھٹی پر بارش نے گرمی کی چھٹی کرا دی،شہر کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔

گلشن حدید، ملیر، لانڈھی سے تیز طوفانی ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی بارش گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، نیوکراچی اور نارتھ ناظم آباد سے ہوتی ہوئی پورے شہر میں پھیل گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 26ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 17ملی میٹر اورناظم آباد میں 16 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

ایک طرف بارش کا مزا تھا تو دوسری طرف شہری اداروں کی ناقص کارکردگی نے اس مزے کو کرکرا کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔

کراچی میں بارش سے کے الیکٹرک کے 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، ملیر، لانڈھی، کورنگی، ائرپورٹ ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نیو کراچی، لیاقت آباد، ناظم آباد صدر اور کیماڑی کے علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ملیر، ایئرپورٹ، لانڈھی ، صدر، کیماڑی اور کورنگی کے علاقے زیادہ متاثر ہیں، جبکہ واٹربورڈ کےتمام پمپنگ اسٹیشن کی بجلی تعطل کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔

واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے تعطل سے شہر کو پانی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی، تیز بارش سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شاہراہ فیصل،شہید ملت روڈ اور ایم اے جناح روڈسمیت مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اب تک سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 26ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گلشن حدید میں 17اعشاریہ 7ملی میٹر، پی ایف مسرور بیس میں 12 ملی میٹر، ناظم آباد میں 16اعشاریہ 5 ملی میٹر، ایئرپورٹ کے اطراف میں 9 ملی میٹر اور فیصل بیس میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے قبل چلنے والی تیز ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، شہر میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو دوز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں ابر رحمت کیا برسا منچلے سمندر میں نہانے پر پابندی کے باوجود سمندر کنارے نکل آئے اور بارش کو خوب انجوائے کیا۔

شہری کہتے ہیں کہ سمندر میں نہانے نہیں عید کے تیسرے دن اور بارش کا بھرپورمزا لینے آئے ۔

تازہ ترین