• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوانکا ٹرمپ پر جوتوں کے ڈیزائن چرانے کا الزام

Ivanka Trump Facing Allegation Of Footwear Trademark Infringement

ایوانکا ٹرمپ اور ان کے شوہر کے بزنس پارٹنر مارک فشر پر اٹلی کی جوتے بنانے والی فیشن کمپنی نے سینڈل کا ڈیزائن چوری کرنے پر مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

اکیوزرا نامی کمپنی نے گزشتہ برس جون میں ایوانکا ٹرمپ اور ان کے بزنس پارٹنر مارک فشر کے خلاف 2010 میں کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے جوتوں کے ڈیزائن چوری کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

کمپنی نے اس مقدمے میں الزام لگایا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور اس کے پارٹنر مارک فشر نے ان کے معروف سینڈل ’وِلڈ تھنگ‘ کے ڈیزائن کو چوری کیا۔خیال رہے کہ اٹلی کی کمپنی کے یہ سینڈل دنیا بھر میں مشہور ہوئے ان سینڈلز کے اشتہارات میں ہولی وڈ سلیبرٹیز کینڈل جینر سمیت دیگر اداکارائیں بھی کام کر چکی ہیں۔

جوتوں کے ڈیزائن چوری کے اس قانونی مقدمے میں 24 جون کو نیویارک کی خاتون جج نے ایوانکا ٹرمپ کو حکم دیا کہ وہ اٹلی کی کمپنی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے خلاف ثبوت فراہم کریں اس سے پہلے گزشتہ ہفتے ایوانکا ٹرمپ کے وکیل نے جج کیتھرین فوریسٹ کو درخواست کی تھی کہ عدالت فی الحال ایوانکا ٹرمپ کو ثبوت فراہم کرنے کے احکامات نہ دے، انہوں نے اپنی مؤکل کا جواب عدالت میں پیش کیا تھا۔

ایوانکا ٹرمپ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں انہوں نے خود کو امریکی صدر کی مشیر کے طور پر پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اس وقت وائٹ ہاؤس کا حصہ ہیں۔

انہوں نے اپنے دستاویزات میں کہا کہ جس وقت جوتوں کی چوری کا الزام لگایا گیا، اس وقت وہ اپنی کمپنی آئی کلیکشن ایل ایل سی کی نائب صدر تھیںاور ان کا ڈیزائن، مصنوعات کی تیاری، فروخت اور ہیٹی میں موجود اپنے اسٹور کی کمائی سے کوئی تعلق نہیں تھا تاہم عدالت نے ان کے وکیل کی درخواست مسترد کردی، اور 24 جون کو حکم جاری کیا کہ ایوانکا ٹرمپ جوتوں کے ڈیزائن کی چوری نہ کرنے کے حوالے سے اپنا بیان اور ثبوت فراہم کریں۔

خیال رہے کہ ان جوتوں کو ایوانکا ٹرمپ کی کمپنی نے ہیٹی میں موجود اپنے اسٹور میں فروخت کیلئے پیش کیا تھا اور ان جوتوں سے ان کی فیشن کمپنی کو کافی منافع حاصل ہوا تھا۔

تازہ ترین