• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
China Denies Entry To Kailash Mansarovar Pilgrims

چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی سرحدی محافظوں کی جانب سے تبت اور سِکم کے درمیانی علاقے میں دراندازی کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت سے آنے والے 300 ہندو اور بدھ مت یاتریوں کو روک دیا گیا ہے۔

بھارتی سیکرٹری داخلہ راجیو مہریشی کا کہنا ہےکہ چین نے 100 یاتریوں کو سرحد سے واپس بھیج دیا ہےجبکہ ان یاتریوں کے پاس ویزے بھی تھے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں ہندو اور بدھ مت یاتریوں کی آمد پر پابندی کے حوالے سے سفارتی چینل کے ذریعے انڈیا کو مطلع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت  کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق چین کی جانب سے دراندازی کا الزام لگانے کے بعد اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سِکم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ادھر پاکستانی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ بھارت نے اپنے ایسے سیکڑوں سکھ شہریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے، جو ایک مذہبی تہوار میں شرکت کرنا چاہتے تھے،انسیکڑوں سکھ یاتریوں کو پاکستان کے ویزے بھی جاری کیے جا چکے تھے۔

حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے ان سکھ یاتریوں کو دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں ملکی وزرات خارجہ نے کہا ہے کہ اس نے ان قریب 300بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے بروقت جاری کر دیے تھے لیکن نئی دہلی حکومت نے حسب روایت سکھ مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے سفر کرنے والے ان شہریوں کو پاکستان میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق نئی دہلی حکومت کا یہ اقدام اس دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت دونوں ہمسایہ ملکوں کے شہریوں کے لیے مذہبی بنیادوں پر سیاحت کے شعبے میں آسانیاں پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

نئی دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی طرف سے رابطے پر کہا کہ وہ اس بارے میں لاعلم ہیں کہ آیا بھارتی سکھ یاتریوں کے کسی گروپ کو پاکستان جانے سے روک دیا گیا ہے۔

پاکستانی حکام کے مطابق بھارت نے اس سے پہلے بھی اسی سال بہت سے سکھ یاتریوں کو ایک دوسرے سکھ مذہبی تہوار کے موقع پر اسلام آباد کی طرف سے بروقت ویزے جاری کیے جانے کے باوجود پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

تب بھارتی حکام نے اپنے اس اقدام کو ’تکنیکی وجوہات‘ کا نتیجہ قرار دیا تھا۔قبل ازیں چین نے بھارت کو خبر دار کیا ہے کہ سرحد پر دراندازی بند کی جائے ‘ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس سے امن کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق چین نے  بھارت  پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کے سرحدی محافظوں نے تبت اور سِکم کے درمیانی علاقے میں دراندازی کی ہے،چین نے  بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اس سے امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

 

تازہ ترین