• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Zimbabwe Beat Sri Lanka With 6 Wickets

آئی سی سی کی درجہ بندی میں 11ویں نمبرکی ٹیم زمبابوے نے سابق ورلڈ چیمپئن اور 8ویں نمبر کی ٹیم سری لنکا کو 6وکٹ سےشکست دے دی ۔

زمبابوے کی ٹیم نے دورہ سری لنکا کے پہلے ایک روزہ میچ میں سولومن مائر کی شاندار سنچری اور سین ولیمز اور سکندر رضا کی ذمہ دارانہ نصف سنچریوں کی بدولت 317رنز کا ہدف 2اوور پہلے ہی حاصل کرلیا ۔

گالے کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے اپل تھرنگا79ناٹ آئوٹ،مینڈس 86اور گونتھی لکا60رنز کی نصف سنچریوں کی مدد سےمقررہ 50اوور ز میں5وکٹ کے نقصان پر 316رنز بنائے ۔

زمبابوے کی طر ف سے ٹنڈائی چتارا نے دو جبکہ سولومن مائر، سین ولیمز اورکپتان گرئم کریمر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوبے کی پہلی وکٹ 12رنز پر گری ،ہملٹن 5رنز بناکر مالنگا کا شکار بنے تو اوپنر سولومن مائر کا ساتھ دینے کے لئےکریگ ارون آئے ،دونوں کے درمیان 34 رنز کی شراکت قائم ہوئی،دھننجے نے18رنز پر کھیل رہے کریگ ارون کو 46 کے اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے بعد سولومن اور سین ولیمز نے 161رنز کی شراکت قائم کی ،اس دوران سولومن نے 14چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی ،وہ 207کے مجموعی اسکور پر 112رنز بناکرگونارتنے کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد زمبابوے کی چوتھی وکٹ بھی جلد ہی گر گئی ،ولیمز7چوکوں کی مدد سے 65رنز بناکر گونارتنے کا دوسرا شکار بنے،پانچویں وکٹ پر سکندر رضا 67اور میلکوم والر40 نے 102رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو 6وکٹوں سے فتح یاب کرادیا۔

سری لنکا کی طرف سے گونارتنے نے دو جبکہ مالنگا اور دھننجے نے ایک ایک زمبابوین کھلاڑی کو میدان بدر کیا ۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ2جولائی کواس ہی میدان پر کھیلا جائے گا۔

 

 

تازہ ترین