• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی فوجی دستے پہلے غیرملکی فوجی اڈے کے لیے جبوتی روانہ

Chinese Military Forces Depart To Jamboti For The First Foreign Military Base

چین کے فوجی دستے بیرون ملک اپناپہلا فوجی اڈا قائم کرنے کے لئے بحری راستے سے جبوتی روانہ ہوگئے۔ فوجی اڈے کوخطے میں چینی مفادات کے حوالے اہمیت دی جارہی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق چین افریقی ملک جبوتی میں اس امریکی اڈے کے قریب اپنا پہلا فوجی اڈہ قائم کر رہا ہے جسے امریکا مشرق وسطیٰ اور افریقا میں اپنی بڑی اور اہم فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کرتا ہے۔

چین کا موقف ہے کہ اس اڈے کے ذریعے افریقا اور اس کے مغربی علاقوں میں امن کے قیام اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کیے جانے والے اقدامات میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

چینی خبررساں ادارے ژن ہوا کا کہنا ہے کہ اس فوجی اڈے کو فوجی تعاون، بحری مشقوں اور ریسکیو مشن کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چین نے افریقامیں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے اور حالیہ عرصے کے دوران اپنی فوج میں بھی تیزی سے جدت لایا ہے۔

خبررساں ادارے کا مزید کہنا ہے کہ منگل کو چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈانگ کے علاقے زانجیانگ میں واقع بندرگاہ سے جہاز جبوتی کے لیے روانہ ہوئے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ چینی اڈہ کب کام کا آغاز کرے گا اور نہ ہی روانہ ہونے والے فوجی دستوں کی تعداد معلوم ہوسکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جبوتی میں فوجی اڈے کا قیام دونوں ملکوں کے 'دوستانہ مذاکرات کے بعد عمل میں لایا گیا، جبکہ اس سے قبل موصول ہونے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اس فوجی اڈے کی تعمیر کے لیے گذشتہ برس کام کا آغاز ہوا تھا۔

تازہ ترین