• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Imran Khan Disqualification Case Adjourned

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نا اہلی کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہونے کے باعث پارٹی کے غیر ملکی فنڈز سے متعلق کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے ہاشم بھٹہ کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اسی نوعیت کامقدمہ زیر سماعت ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں کمرہ عدالت سے باہر زیادہ مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ باہر کہا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دیکھنا ہوگا سپریم کورٹ میں کیس پر کیا کارروائی چلتی ہے۔ ہمارے پاس کوئی درخواست آئے تو سننا پڑتی ہے۔ کسی کے خلاف خود بات نہیں کرتے۔ یہ آپ دونوں فریقین کا مسئلہ ہے۔

ریمارکس کے بعد الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باعث کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل چوہدری نے کہا کہ تمام مقدمات پاناما پیپرز کے کاؤنٹر بلاسٹ ہیں۔ عمران خان کو بلیک میل کرنے کے لیے مقدمات کیے جا رہے ہیں۔ عمران خان ہر معاملے کی طرح سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے سرخرو ہو کے نکلیں گے۔

تازہ ترین