• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے آئی ٹی رپورٹ پر حکمت عملی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس

Opposition Parties Meeting For Strategy On Jit Report

پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ پر آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے چیمبر میں جاری اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی، ایم کیوایم پاکستان، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شریک ہیں۔

اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاؤ اور فاٹا کے قانون ساز اراکین بھی شرکت کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 2 اہم نکات پر مشاورت کی جائے گی جس میں وزیراعظم کا استعفیٰ اور تحریک انصاف کی جانب سے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ شامل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے شرکا وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر بھی بات کریں گے۔

اجلاس میں اے این پی نے مؤقف اپنایا ہے کہ کسی بھی حکمت عملی سے قبل سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کر رکھا ہے اور تحریک انصاف نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کی تجویز دی ہوئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہےکہ سازشی ٹولے کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا اور عوام کے لیے آخری حد تک لڑوں گا۔

جے آئی ٹی کی جانب سے رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی مزید سماعت کے لیے 17 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔

گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے کہ ہم پاناما کیس کو جلد از جلد نمٹانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین