• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے آئی ٹی رپورٹ چیلنج کرنے کی درخواست تیار

Jit Report Prepared To Challenge

شریف خاندان نے جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کے لیے درخواست کامسودہ تیار کر لیا، جو آج سپریم کورٹ میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے درخواست کے مسودہ میں جے آئی ٹی پر بغیر تصدیق اور سورس پہ مبنی دستاویزات کو استعمال کرنے سمیت اہم اعتراضات اٹھائے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ درخواست کا مسودہ آج سپریم کورٹ میں جمع کرائے جانے سے قبل وزیراعظم نوازشریف سے مشاورت کی جا چکی ہے۔

جے آئی ٹی رپورٹ کو چیلنج کرنے کی یہ درخواست خواجہ حارث کی سربراہی میں قائم قانونی ٹیم کی طرف سے جمع کرائی جائے گی جس میں عدالت سے درخواست کی جائےگی کہ دیگر کسی بھی کارروائی سے پہلے اس درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق درخواست میں کئی اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں ۔ جس میں جے آئی ٹی کامئی میں قائم کیے جانے کا ذکر ہے لیکن اس سے پہلے کے ماہ میں کی جانے والی مانیٹرنگ پر مبنی رپورٹس کو سپریم کورٹ میں پیش کی جانے والی حتمی رپورٹ میں شامل کیاگیا ۔

درخواست کے مطابق کارروائی کے دوران جے آئی ٹی کارویہ متعصبانہ تھا جس کا ایک ثبوت بعض گواہوں کےبارےمیں انتہائی توہین آمیز زبان کا استعمال کیا جانا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی نے غیر تصدیق شدہ دستاویزات استعمال کیں اور حقائق کے منافی دستاویزات لف کرنے سمیت گواہوں کے ثبوتوں کو توڑ مروڑ کر شامل کیے جانے پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

تازہ ترین