• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین:پاکستان نے بھارت کو ہراکر مقامی کرکٹ ٹورنا منٹ جیت لیا

Pakistan Team Won The First Asian Cup Tournament In Spain

اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے دارلحکومت بارسلونا میں کھیلا جانے والا مقامی ٹورنا منٹ جسے ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا نام دیا گیا پاکستانی ٹیم نے انڈیا کو کانٹے دار مقابلے کے بعد ہرا کر جیت لیا ۔

کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے ایشیاء کرکٹ کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان ، بنگلہ دیش اور انڈیا کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔فائنل میں پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے تھے ، انڈین اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھی جو اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے نعرے بازی کرتی رہی ۔

انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 151رنز بنائے جس میں کلدیپ کے 63رنز کی اننگز شامل تھی ۔پاکستانی ٹیم 152کے ٹارگٹ کا سنگ میل عبور کرنے میدان میں اتری ، اوپنر اویس نے ففٹی ا سکور کی لیکن پاکستانی چھ بلے باز جلد آوٹ ہوگئے اور فائنل انڈیا کے حق میں ہوتا نظر آیا ۔

تاہم عابد حنیف اور محمد علی کے درمیان ساتویں وکٹ کی شاندار شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور محمد علی نے 15 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34رنز بنا کر فائنل میچ پاکستان کو جتوا دیا اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔ ایشیاء کپ کے بہترین بلے باز کا انعام محمد علی اور بہترین باؤلر کا انعام خاور شاہ نے حاصل کیا،مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز خاور شاہ کے حصے میں آیا ۔

ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی امانت حسین مہر تھے جبکہ مقامی بلدیہ بادالونا شعبہ کھیل کے انچارج ’’ پابلو دیاس ‘‘ خصوصی طور پر ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے تھے ۔پاک فیڈریشن اسپین کے صدرچوہدری ثاقب طاہر ، چوہدری افضال وڑائچ ، میاں عمران ساجد ،راجہ شفیق الرحمان ، جاوید مغل ، حافظ رزاق نے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا ۔

کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر مرزا بشارت ، خرم شہزاد ، فاروق عالم اور ملک عمران نے ایشیاء کپ کے انعقاد کو اسپین میں کرکٹ کے فروغ کے لئے احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا ۔

واضح رہے کہ اسپین میں کرکٹ تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور اس وقت اسپین کی قومی ٹیم کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں رجسٹرڈ ٹیموں کی تعدادلگ بھگ چالیس ہے اور ان ٹیموں کے درمیان کاتالونیا لیگ کے مقابلے بھی جاری ہیں ۔

تازہ ترین