• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یمن :باغیوں کی لوٹ مار سے صنعاء میں ایندھن کا بحران

Rebels Looting Spree Fuel Crises In Yemen

یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے لوٹ مار، بدعنوانی اور توڑپھوڑ کے نتیجے میں صنعاء کو ایندھن کی سپلائی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں جس کے باعث دارالحکومت میں ایندھن کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق الحدیدہ پورٹس کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ الحدیدہ بندرگاہ پر لائے گئے پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کو ایک طرف یمنی باغی لوٹ رہے ہیں اور دوسری جانب اسمگلر اس بندرگاہ کو افریقی ملکوں کو تیل کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ الحدیدہ بندرگاہ پر اکتوبر 2014ء سے حوثی ملیشیا کا تسلط ہے۔ یمن میں باغیوں کی عسکری سرگرمیوں کا سب سے بڑا سہارا یہی بندرگاہ ہے جہاں سے باغیوں کو اسلحہ اور جنگی سامان کی کمک پہنچائی جا رہی ہے۔

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد نے باغیوں پر زور دیا تھا کہ وہ الحدیدہ بندرگاہ کا کنٹرول آئینی حکومت کے حوالے کریں اور ٹیکسوں کی مد میں جمع ہونے والی رقوم مرکزی بنک میں جمع کرائیں مگر باغیوں نے یہ مطالبات ماننے سے صاف انکار کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حوثی اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار الحدیدہ بندرگاہ پر لایا جانے والا تیل اور کسٹم ڈیوٹی کی مد میں جمع ہونے والی رقوم میں بڑے پیمانے پر خورد برد کررہے ہیں۔ کسٹم ٹیکس کیحصول کی ذمہ داری حوثیوں کی مقرب شخصیات اور کمپنیوں کو سونپی گئی ہے جو جمع ہونیوالی رقوم کا وافر حصہ باغیوں کو پہنچا رہے ہیں۔

تازہ ترین