• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پیرس سمجھوتے پر عملدرآمد کی اپیل

Un Secretary General Appeals To Implement Paris Pact

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے پیرس سمجھوتے پر عملدرآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے دور رس خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق انتونیو گوٹیریس نے یہ اپیل نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر میں غربت، آمدنی میں فرق اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایک اجلاس کے موقع پر کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں آبادی میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی، خوراک کی عدم دستیابی، پانی کی قلّت اور شہری آبادی میں بے تحاشا اضافے جیسے عوامل ایک دوسرے پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو یہ بات تسلیم کرنی چاہئے کہ ان سب عوامل کا مرکزی محرک موسمیاتی تبدیلی ہے۔

گوٹیریس نے مزید کہا کہ سبز معیشت یا ماحول دوست ٹیکنالوجیز کو نہ اپنانے والے ممالک آنے والے برسوں میں ناگزیر طور پر اقتصادی قیادت کھو بیٹھیں گے۔

بظاہر ان کی گفتگو کا اشارہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب تھا، جس نے امریکا کو پیرس سمجھوتے سے الگ کر لیا ہے۔

اس تین روزہ اجلاس میں 40 سے زائد ملکوں کے وزراء 2030ء تک حاصل کر نے والے پائیدار ترقی کے اہداف کے لئے اپنی کوششوں کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

تازہ ترین