• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسات میں اسہال کی بیماری سے بچاؤ کے لئے چند ٹپس

A Few Tips To Prevent Diarrhea In Monsoon

برسات کے موسم میں مناسب صحت و صفائی کی سہولتیں میسر نہ ہونے کی وجہ سے مختلف امراض پھوٹ پڑتے ہیںجن میں اسہال کی بہماری سرِفہرست ہے۔

صفائی ستھرائی کے ناقص نظام کی وجہ سے اسہال کی بیماری ہر عمر کے افرادکو ہوسکتی ہے لیکن شیرخوار اور کم عمر بچے اس بیماری سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

اسہال کی بیماری میں پیٹ میں مروڑ رہتاہے ، معدہ کمزور ہوجاتا ہے اور کوئی چیز بھی ہضم نہیں ہوتی۔ اس کے لیے سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے۔

ذیل میں اس حوالےسے چند ٹپس دی جارہی ہیں:


کیلا:دست اور پیچش کے لئے اکسیر ہے،ایک کیلا دہی میں ملا کر کھائیں۔ ایک کچا کیلا دھوپ میں خشک کرنے کے بعد اسے چھیل لیں اور اس کے گودے کوپھینٹ لیں۔ اس کی گولیاں بنا کر دہی کے ساتھ کھائیں۔

ایک پیالی دہی میں ایک چٹکی زعفران حل کرلیں، پھراس میں ایک کیلا کچل کر ملاکر کھائیں، اسہال کی بیماری کے لیے بے حد مفید ہے۔

میتھی:ایک چائے کاچمچہ میتھی پیس کر پانی کے ساتھ کھائیں، پیٹ کی خرابی کے لیے بہترین نسخہ ہے۔

دھنیا:کھانا کھانے کے بعد 11دانے دھنیا چبا کر کھائیں، اس سے معدے کو تقویت ملتی ہے اور دست بند ہوجاتے ہیں۔آدھا چمچہ چائے کا نصف گلاس پانی کے ساتھ صبح و شام کھانے سے دست اور پیچش میں افاقہ ہوتا ہے۔

پیاز:دست، بدہضمی اور الٹیاں روکنے کے لیے 30گرام پیاز، پودینہ کے چند پتے اور سات عدد کالی مرچ اچھی طرح پیس کر کھائیں۔

پودینہ:ایک گٹھی پودینے کی پتیاں الگ کرکے قہوہ بنائیں۔ اس میں نصف لیموں کا رس ملا کر پئیں۔ اسہال میں بے حد مفید ہے۔

لیموں:ایک لیموں کے دو ٹکڑے کرکے ان میں چینی لگاکر ایک کپ ابلے ہوئے پانی میں ڈال دیں۔ کچھ دیر بعد جب پانی ٹھنڈا ہوجائے تو ہر آدھے گھنٹے کے وقفے سے ایک چائے کا چمچہ پئیں،بے حد مجرب نسخہ ہے۔

کڑی پتہ25:گرام تازہ کڑی پتوں کا رس نکالیں، اس میں آدھے لیموں کا رس نچوڑ لیں،بعد ازاںحسب ذائقہ شکر ملا کر پی لیں۔اس سے بیماری میں افاقہ ہوتا ہے۔ 10گرام کڑی پتے باریک پیس کر خالی پیٹ دہی کی لسی کے ساتھ کھائیں۔ معدے کی کمزوری اور اسہال کی بیماری کے لیے بے حد مفید ہے۔

املی50:گرام املی کے بیج بھونیں، جب اچھی طرح بھن جائیں تو ان کے اوپر کا چھلکا اتار کر پیس لیں۔ ایک چائے کا چمچہ اس کے ہم وزن شہد میں ملا کر گائے کے دودھ کے ساتھ کھائیں۔ پیچش اور دستوں کی بیماری اور ان کی وجہ سے ہونے والی کمزوری کے لیے بے حد مفید ہے۔

آم:آدھا کپ آم کے رس میں 25گرام دہی اور ایک چائے کا چمچہ پسی ہوئی ادرک اچھی طرح حل کرکے پئیں۔دستوں اورمعدے کی کمزوری کے علاج کے لیے تیر بہ ہدف نسخہ ہے۔

آم کی گٹھلی دھوپ میں سکھا کر اس کا مغز نکال کر پیس لیں ،تین گرام سفوف کو پانی کے ساتھ کھائیں۔ دستوں میں فوری افاقہ ہوتا ہے۔ آم کی گٹھلی کا ایک چائے کے چمچے کے برابر سفوف ایک پیالی دہی میں ملا کر کھائیں، پرانی سے پرانی پیچش کا بہترین علاج ہے۔

ناریل:ناریل کا پانی دستوں کی بیماری کا قدرتی علاج ہے۔ ایک گلاس پانی روزانہ پینے سے پیٹ میں پیچش کے وائرس اوربیکٹیریا کا خاتمہ ہوجاتا ہے ۔

تربوز:معدے کی کمزوری کی وجہ سے نظام انہضام پر اثر پڑتا ہے۔قے اور دستوں کی بیماری لاحق ہوتی ہے۔ نصف پیالی تربوز کے پانی میں تھوڑی سی مصری ملا کر پئیں، چند مرتبہ کے
استعمال سے اس بیماری میں افاقہ ہوتا ہے۔

اسٹرابری:اسٹرابری کے تھوڑے سے پتے ابال کر اس کا پانی پئیں، اسہال میںبے حد مفید ہے۔ کمزور معدے اور دستوں کی بیماری کے مریض افراد زیادہ سے زیادہ اسٹرابری کھائیں۔

اسپغول کی بھوسی:25گرام اسپغول کی بھوسی ایک پیالی دہی میں ملا کر رات کو سوتے وقت کھائیں۔ یہ نسخہ پیٹ میں مروڑ اور پیچش کے لیے بہت مفید ہے۔

سیب:معدے کی کمزوری اور دستوں کے خاتمے کے لیے روزانہ ایک ترش سیب کھائیں۔ ایک سیب کا رس نکال کر پئیں، پیچش کی بیماری کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔

چند سیب کے چھلکے اتار کر دھوپ میں سکھا لیں۔جب اچھی طرح سوکھ جائیں تو ڈیڑھ پیالی پانی میں ڈال کر ابالیں، اس میں لیموں کا رس اور شہد ملا کر پئیں، پیچش کے لیے بہترین نسخہ ہے۔

تازہ ترین