• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹر جان مکین دماغ کے سرطان کا شکار،اسپتال میں داخل

Senator John Mccain Has Been Diagnosed With Brain Tumor Admitted In Hospital

امریکی ری پبلکن پارٹی کے رہنما اور سینیٹ کے سینئر رکن جان مکین کے دماغ کے سرطان میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی ریاست ایریزونا سے منتخب سینیٹرجان مکین کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص گزشتہ ہفتے ایک سرجری کے بعد ہوئی، جس میں ڈاکٹروں نے 80 سالہ سینیٹر کے بائیں آنکھ کے پیچھے جمع ہونے والا پانچ سینٹی میٹر کا خون کا ایک لوتھڑا نکالا تھا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ایریزونا کے دارالحکومت فینکس کے مایو کلینک اسپتال کی انتظامیہ نے کہاکہ لیبارٹری میں تجزیے سے پتا چلا ہے کہ سینیٹر مکین 'گلیو بلاسٹوما، نامی برین ٹیومر کا شکار ہیں۔سینیٹر مکین کے دفتر کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر کے ڈاکٹروں کے مطابق وہ اپنی سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور ان کی صحت بہت بہتر ہے۔

بیان کے مطابق مایو کلینک کے ڈاکٹروں کی ٹیم باہم مشاورت کے بعد ہی یہ بتا سکے گی کہ سینیٹر مکین کب تک اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کے قابل ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق سینیٹر مکین کے اہلِ خانہ ان کے مزید علاج سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں۔ کینسر کا علاج عموماً کیمو تھراپی اور ریڈی ایشن پر مشتمل ہوتا ہے جو ایک طویل اور تکلیف دہ عمل ہوتا ہے۔

سینیٹر مکین سابق فوجی ہیں اور امریکہ کی طرف سے ویتنام کی جنگ میں بھی شریک رہ چکے ہیں۔وہ گزشتہ 30 سال سے امریکی سینیٹ کے رکن ہیں اور ان کا شمار ری پبلکن جماعت کے چوٹی کے رہنماوں میں ہوتا ہے۔وہ اس سے قبل بھی جلد کے سرطان کی سب سے خطرناک قسم میلانوما سمیت مختلف عارضوں کا شکار رہ چکے ہیں۔

ان بیماریوں کی بڑی وجہ 1967ء سے 1973ء کے دوران ویتنام میں جنگی قیدیوں کے کیمپ میں ان کا حراست میں رہنا بتایا جاتا ہے جہاں انہیں سخت مشکل حالات سے گزرنا پڑا تھا۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جان مکین کے سرطان میں مبتلا ہونے کی خبر پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

تازہ ترین