• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے حدیبہ پیپر مل کیس کھولنے کا اشارہ دے دیا، شاہ محمود

Nab Hinted To Open Hizb E Baba Mill Shah Mehmood

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عدالت نے شریف فیملی کو بے گناہی ثابت کرنے کا پورا وقت دیا لیکن نواز شریف منی ٹریل نہیں دے سکے ، نیب نے حدیبہ پیپر مل کیس کھولنے کا اشارہ بھی دے دیا ہے۔

ملتان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خواجہ رضوان عالم کی والدہ کی نمازہ جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے پاناما کیس میں دونوں فریقین کو پورا وقت دیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے 5 ججز کے سامنے ہم نے اپنا موقف رکھا ، جن میں سے 2 ججز نے وزیراعظم کو نااہل کہا۔ سپریم کورٹ میں نواز شریف کو دوسرا موقع ملا، عدالت میں وزیراعظم کی جانب سے جعلی دستاویزات پیش کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے، وہ نا اہلی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ قوم کرپٹ حکمرانوں کا احتساب چاہتی ہے۔ ہم انتظار کے موڈ میں ہیں ، جہاں اتنا صبر کیا تھوڑا اور بھی کر سکتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز میں دو گروپ بن گئے ہیں ان کا دوسرا گروپ محاذ آرائی چاہتا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ جمہوریت کو خطرہ نہیں ہے۔ ابھی تو ابتدا ہے، انتہا ہونا باقی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے نئے وزیراعظم پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

تازہ ترین