• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Zafar Hajjazis 4 Day Physical Remand Passed

اسلام آباد کی سول کورٹ نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم کی بیماری کے باعث ضرورت پڑنے پر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو اسلام آباد کے سینئر سول جج محمد شبیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے ملزم کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ظفر حجازی پر اختیارات کے غلط استعمال اور ماتحت افسران پر دباؤ ڈالنے کے الزامات ہیں،پتہ چلانا ہے کہ ان اقدامات کا اصل بینیفشری کون ہے؟۔

ظفر حجازی کے وکلاء نے کہا کہ اس معاملے کی انکوائری مکمل ہو چکی ہے۔ کوئی ریکوری بھی نہیں کرنی ۔ وجہ بتائی جائے کہ جسمانی ریمانڈ کی کیوں ضرورت ہے؟ظفر حجازی کو ناکردہ گناہوں کی سزا مل رہی ہے۔وہ دل، جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ کے مطابق کنڈیشن اچھی نہیں ہے اور انہیں یہاں بھی ایمبولینس کے ذریعے لایا گیا ہے۔

عدالتی استفسار پر بتایا کہ ظفر حجازی دس بارہ سالوں سے ان بیماریوں میں مبتلا ہیں مگر کل سے طبیعت زیادہ خراب ہے اور شوگر ہائی ہے۔

عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 26 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم سنادیا۔

تازہ ترین