• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی سرکار کی غلط پالیسیوں نے کشمیر میں آگ لگادی ،راہول

Modi Governments Wrong Policies Set Fire In Kashmir Rahul

مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر نریندر مودی حکومت پر وار کرتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ این ڈی اے سرکار اور وزیر اعظم کی غلط پالیسیوں نے وادی میں آگ لگادی ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں راہول گاندھی نے مسئلہ کشمیر پر کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کا داخلی معاملہ ہے، کسی بھی ملک کا اس کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

انہوں نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کیا اور اس بارے میں مرکز کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی پر تابڑ توڑ حملے کئے۔

کانگریس کے مرکزی رہنما نے این ڈی اے سرکار پر وادی کشمیر کی صورتحال سے بہتر طریقے سے نہ نمٹنے کا الزام عائد کیا۔

راہول گاندھی کا کہنا تھاکہ میں کافی عرصے سے یہ کہتا آرہا ہوں کہ نریندر مودی اور این ڈی اے کی پالیسیوں نے جموں کشمیر کو جلا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھاکہ بھارت کشمیر ہے اور کشمیر بھارت ہے،وہاں کی کشیدہ صورتحال ہمارا اندرونی مسئلہ ہے،اس میں کسی کی مداخلت کی ضرورت نہیں۔

راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی کی پالیسیوں نے وادی میں دہشت گردوں کےلئے جگہ بنائی ہے جو دفاعی اعتبار سے بھارت کےلئے ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔

تازہ ترین