• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شجرکاری مہم، 10کروڑ پودے لگانے کی منظوری

Plantation Campaign 10 Crore Plants Approval

وفاقی وزیر موسمیاتی تغیرات زاہد حامد نے مون سون موسم شجرکاری مہم سال برائے 2017  ءکے دوران ملک بھر میں 10 کروڑ  سے زیادہ پودے لگانے کے اہداف کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب ایک کروڑ 20لاکھ، سندھ ایک کروڑ 40لاکھ، کے پی 7کروڑ، بلوچستان میں ساڑھے 7لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے

وزارت موسمیاتی تغیرات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت میں وفاقی وزیر زاہد حامد کی صدارت میں بین الوزارتی اور بین الصوبائی اہم اجلاس ہوا جس کے دوران انہوں نے صوبائی، وفاقی اور خانگی اداروں کی جانب سے مون سون موسم کی ملک بھر میں ا گست سے شروع ہونے والی شجر کاری مہم کے لیے پیش کیے گئے اہداف کا جائزہ لیا تاہم انہوں نے ملک بھر میں ان اداروں کی جانب سے دس کروڑ تین لاکھ اور بتیس ہزار درختوں کے پودے لگانے کے اہدف کی منظوری دی۔

مون سون سیزن ،جو ماہِ جو ن سے  ستمبر تک جاری رہتا ہے،  اس  دوران لگائے جانے والے پودوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا  گیا کہ پنجاب میں12 ملین پودے، سندھ میں 14ملین، خیبرپختونخوا میں 70ملین، بلوچستان میں سات لاکھ پچاس ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 3٫7 ملین، فاٹا میں 1٫1 ملین، وفاقی وزارتِ دفاع ایک ملین، پاکستان آرڈیننس فیکٹری چار ہزار، ہیوی ٹیکسیلا انڈسٹری ایک ہزار، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی تین لاکھ اور بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیم آئی یو سی این کی جانب سے پانچ لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

وزارت کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر زاہد حامد نے تمام صوبائی، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور فاٹا کے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے نمائندوں کو ہدایات کی ہیں کہ پاکستان کے موجودہ جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ اور جنگلات کے رقبے میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے لیے مون سون شجر کاری مہم اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پانچ سالہ گرین پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔

گرین پاکستان پروگرام پاکستان کوعالمی حدت میں اضافے کے باعث رونما ہونے والی موسمیاتی تباہکاریوں ، خاص کر سیلاب، تیز اور بے ترتیب بارشوں اور زمینی کٹاؤ کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ 

تازہ ترین