• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئل ٹینکرز کی ہڑتال: عوام خوفزدہ نہ ہوں، چیئرمین پیٹرولیم

Oil Tankers Strike People Are Not Afraid Chairman Petroleum

اضافی ایکسل بڑھانے اور جرمانوں کے خلاف آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے آج سے ملک گیر ہڑتال اور تیل کی سپلائی بند کردی ہےجس کی وجہ سے کراچی پورٹ کیماڑی اور پورٹ قاسم سے ملک بھر کیلئے 9 سو ٹینکرز کی روانگی رُک گئی۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپوں پر تیل کا ذخیرہ موجود ہے، عوام خوفزدہ نہ ہوں ۔

آل پاکستان آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین میر یوسف شاہوانی کے مطابق سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی، اوگرا سمیت حکومتی اداروں کے سخت رویہ اور موٹر وے پولیس کی جانب سے ناجائز جرمانے اور چالان کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے ۔

رہنماکنٹریکٹرزایسوسی ایشن بابراسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ کیماڑی سے ملک بھر کے لیے 600ٹینکرز کی روانگی رک گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ قاسم سے بھی تقریباً300 ٹینکرزکی نقل وحمل معطل ہوگئی ہے اور اس وقت محدود تعداد میں پی ایس او کے ٹینکرز سے تیل سپلائی کیا جارہا ہے ۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیع خان کا کہنا ہے آئل ٹینکرز ہڑتال کے سبب پیٹرول پمپوں پر وافر مقدار میں تیل ذخیرہ کرلیا ہے۔

سمیع خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ آئل ٹینکر کی ہڑتال سے عوام کو پریشانی نہ ہو۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور ضرورت سے زیادہ تیل نہ بھروائیں۔

دوسری جانب انڈسٹری ذرائع کا بتانا ہے کہ اوگرا کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے زیراستعمال آئل ٹینکرز کی چیکنگ کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے جس میں بیشتر آئل ٹینکرز کا معیار پر نہ اترنے کا خدشہ موجود ہے۔

چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میر یوسف کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوںگے پورے ملک میں تیل کی سپلائی بند رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹینکر مالکان حکومت کو 3ماہ کا ایڈوانس ٹیکس ادا کرتے ہیں مگر حکومت انہیں ریلیف دینے کے بجائے استحصال کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر وے پولیس جرمانے عائد کرنے پر لگی ہوئی ہے، پنجاب میں پٹرولنگ پولیس کی جانب سے آئل ٹینکر کوہر اساں کیا جاتا ہے جبکہ سندھ میں ایکسائز پولیس کی بھتہ خوری وغنڈہ گردی عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت پٹرولیم نے جب سے آئل ٹینکرز سے متعلق امور اوگرا کے سپر د کئے ہیں تب سے آئل ٹینکر مارکیٹنگ کمپنیوں اوگرا اور آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کی کوئی بھی مشترکہ میٹنگ نہیں بلائی گئی صرف بند کمروں میں احکامات جاری کئے جا رہے ہیں ، جس سے ٹرانسپورٹروں کا استحصال ہو رہا ہے۔

تازہ ترین