• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت گرانے کے لیے سپریم کورٹ کا کندھا استعمال کیا جارہا ہے، رانا ثنا

The Supreme Courts Shoulder Is Being Used To Destroy Government Rana Sana

وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے سپریم کورٹ کا کندھا استعمال کیا جارہا ہے، نوازشریف کو غیر جمہوری طریقے سے عہدے سے ہٹایا گیا تو عدم استحکام پیدا ہوگا۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ مخالفین پر برس پڑے اور کہا کہ کیا آرٹیکل 62 اور 63 صرف نوازشریف کے لیے ہی بنا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر58 ٹوبی کے ذریعے حکومتوں پرقبضہ کرتے تھے، اب سپریم کورٹ کے کندھے کواستعمال کیا جارہا ہے۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ملک دشمن ایجنڈے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان آگے بڑھنے کی پوزیشن میں آتا ہے تو عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا جاتا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ن لیگ سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانا چاہتی ہے، خورشید شاہ

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے صرف 3 افراد ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کو وزیراعظم کا ووٹ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جن سے چلا نہیں جاتا، بات نہیں ہوتی وہ بھی منتخب وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں پہنچے ہوئے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف نے ملک سے اندھیرے دور کرنے کے لیے مخلصانہ کوشش کی اور دہشت گردی پر کاری ضرب لگائی جب کہ مخالفین کو پتہ ہے کہ 2018 میں بھی نواز شریف کو شکست دینا مشکل ہوگی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ جب اپنا ریکارڈ دینے کی باری آئی تو عمران خان کہہ رہے ہیں کہ ریکارڈ نہیں ہے لیکن شریف خاندان سے 40 سال پہلے کا حساب مانگ رہے ہیں، پاکستان کے 20 کروڑ عوام اس معاملے کو سمجھتے ہیں، ملک اگر سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوا تو اس کا براہ راست نقصان عوام کو ہوگا۔

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ کچھ لوگ دانستہ اور کچھ حماقتوں کی وجہ سے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے نتائج آج تک بھگت رہے ہیں۔

تازہ ترین