• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور :فیروز پور روڈ پر دھماکا، 26افراد شہید

Lahore Blast On Feroze Road 26 People Killed

لاہور میں فیروز پور روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے علاقے میں ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 26 افراد شہید اور 57 زخمی ہوگئے۔

حکومت پنجاب نے دھماکے کے نتیجے میں9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد کے شہید اور57 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے دھماکا پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو جناح اور سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ لاہور کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،دھماکے کے زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن چل رہا تھا، وہاں امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس اہلکار تعینات تھے خودکش حملہ آور نے پولیس کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔

ڈی سی او لاہور سید سمیر احمد نے دھماکے کے حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے متعلق شواہد اکٹھے کر رہے ہیں تاہم شبہ یہی ہے کہ موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔

ڈی سی او لاہور کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں میں ایک سب انسپکٹر، ایک اے ایس آئی اور 7 کانسٹیبل شامل ہیں۔

دھماکا ہوتے ہی علاقے میں بھگدڑ مچ گئی، دھماکے کے نتیجے میں جائے وقوع پر کھڑی متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جبکہ قریبی کئی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، فیروز پور روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی جائے وقوع کا معائنہ کر رہا ہے۔

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ بم دھماکے کی جگہ سے دھواں اٹھتا بھی دکھائی دیا، پولیس نے شہریوں کو دھماکے کے مقام سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے دو افراد کی معظم اور عابد کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اس افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اعظم نے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین