• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور دھماکہ، شہید ہونے والے 9اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

Lahore Blast Funeral Prayers Of 9 Martyred Policemen Held

لاہور دھماکے میں شہید ہونے والے 9 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اعلی سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔

دھماکے میں 9 شہید پولیس ملازمین سب انسپکٹر ریاض احمد، اے ایس آئی فیاض احمد، کانسٹیبل ساجد، عمیر غنی، عابد علی، معظم، علی رضا، مرتضیٰ اور قاسم کی میتیں پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ لائی گئیں۔

نماز جنازہ میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف،وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ،کور کمانڈر لاہور لفٹنٹ جنرل صادق علی نے شرکت کی۔

قائم مقام آئی جی عثمان خٹک، سی سی پی او لاہور امین وینس، ڈی سی او سمیر احمد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئےجبکہ نماز جنازہ کے بعد شہدأ کی میتیں ان کے گھروں کو روانہ کر دی گئیں۔

دوسری جانب لاہور دھماکے میں شہید ہونے والے 4پولیس اہلکاروں کی میتیں ان کے گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ دوسگے بھائیوں کی شہادت پر تو ہر آنکھ اشکبار تھی۔

کانسٹیبل علی رضا اور مرتضی 2سگے بھائی تھے، پولیس ملازمت بھی ایک ساتھ اور سفرآخرت بھی ایک ساتھ کیا۔

شہد ا کی میتیں آبائی علاقے رشید پورہ پہنچیں تو فضاء سوگوار ہوگئی۔ شہدا کے والدین ، تین بھائی اور اہل خانہ صدمے سے نڈھال، علی رضا نے پسماندگان میں دو کمسن بیٹیاں اور بیوہ چھوڑی ہے۔

خود کش دھماکے میں شہید سب انسپکٹر ریاض کا تعلق نشتر کالونی لاہور سے تھا جبکہ شہید نے بیوہ، دو بیٹے اور تین بیٹیاں اور سوگوار چھوڑی ہیں۔

ان کے بڑے بیٹے نے کچھ عرصہ قبل پولیس جوائن کی تھی تاہم ان کے بھائی کہتے ہیں کہ شہید بہت شفیق اور ملنسار تھے۔

شہید ہونے والے گارڈن ٹاون کے رہائشی پولیس اہلکار23 سالہ عمیر غنی کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔ عمیر غنی تین بہن بھائیوں میں سے سب سے بڑے تھے۔

شہدا کے ورثاء کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور پوری قوم ان کے خلاف کھڑی ہوئی ہے۔

تازہ ترین