• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئل ٹینکرز مالکان کی ہڑتال جاری، آج مذاکرا ت ہوں گے

Oil Tanker Owners Continue Strike Talks Will Be Held Today

آئل ٹینکرزمالکان اورمختلف ایسوسی ایشنزکی ہڑتال دوسرےروز بھی جاری ہے، ہڑتال کے باعث کیماڑی ،پورٹ قاسم اور مختلف ڈپوز سے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جبکہ وزارت پیٹرولیم میں حکام اور آئل ٹینکرز مالکان کے مذاکرات آج اسلام آباد یں ہوں گے ۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہڑتال کےباعث مختلف پیٹرول پمپ پرتیل کی سپلائی نہ ہوسکی۔

احمد پور شرقیہ واقعے کے بعد موٹر وے پولیس سمیت دیگر سرکاری اداروں کی سختی کے باعث آئل ٹینکرز ایسو سی ایشن نے ملک بھر میں تیل سپلائی معطل کرنے کااعلان کر رکھا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ صارفین خدشات پرمبنی خریداری سے گریز کریں جبکہ وزیرپیٹرولیم نے ہڑتالی دھڑے کو آج مذاکرات کے لیے بلالیا ہے۔

آئل ٹینکرز ایسو سی ایشن کے رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ ٹینکرز پر 10 ہزار روپے تک بھاری جرمانے، 12 ، 12 گھنٹے بندش اور ڈرائیورز کو بے جا تنگ کیا جا رہا ہے،کنٹریکٹرز ایسو سی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کر دی ہے ۔

کراچی پورٹ سے متصل آئل ایریا اور پورٹ قاسم سے روزآنہ 900 سے 1000 ٹرکس کی نقل و حمل شدید متاثر ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا، ملک کے اہم محمود کوٹ ڈپو سے بھی تیل سپلائی شدید متاثر رہی جس سے پی ایس او سمیت نجی کمپنیو ں کی تیل ترسیل معمول پر نہ رہ سکی۔

ٹینکرز مالکان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پیٹرول کی پائپ لائن ڈالنےکی حکومتی ارادے اورٹینکرز کو معیار بہتر کرنے پر سختی اس ہڑتال کا اصل سبب ہے اور یہ کہ ماضی میں وزارت پیٹرولیم، اوگرا، موٹر وے پولیس اور اربوں روپے منافع کمانے والی آئل مارکیٹنگ کمپنیز نے گاڑیوں کے معیار کے معاملے پر انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ہے۔

تازہ ترین