• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کے کچھ مہنگے ترین اور کامیاب گانے

Bollywoods Expensive And Popular Songs

بالی ووڈ فلموں کا ہر پروڈیوسر یہ چاہتا ہے کہ فلم کا کم از کم ایک گانا ایسا ضرور ہو جو فلم کی شہرت اور کامیابی کا سبب بن جائے۔ وجہ۔۔؟

وجہ بہت واضح ہے ۔ بالی ووڈ فلمیں محض گانوں پر بھی کروڑوں کا بزنس کرتی رہی ہیں۔ فلم میں کچھ ہو نہ ہو، گانے ہٹ ہوں ۔۔اور اگر کسی فلم میں کوئی آئٹم سانگ ہوتو کہنا ہی کیا۔ سمجھئے گلی گلی بجے گا۔۔کوچہ کوچہ اس گانے سے گونجے گا۔

مثال کے طور پر ’منی بدنام ہوئی‘، ’شیلا کی جوانی ‘اور جانے کیا کیا۔۔۔فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ یہ گانے کروڑوں کے بزنس کا سبب ہیں۔ اسی لئے کوئی بھی پروڈیوسر ان پر لاکھوں اور کروڑوں روپے ’بہانے ‘سے بھی گریز نہیں کرتا۔

دھوم تھری کے گانے ملنگ کی ہی مثال لے لیجئے ۔ ہائی وولٹیج انرجی سے بھرا ’ ملنگ‘ ریلیز سے پہلے ہی مشہور ہوگیا۔گانے کی تیاری پر ایک ، دو نہیں ۔۔ پورے پانچ کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

دو مہینے تک تو سیٹ ہی تیارکیا جاتا رہا ۔ دن رات کی محنت میں کترینہ اور عامر خان کو بھی کئی صبر آزما تکلیفوں سے گزرنا پڑا۔

گانے کی تیاری کے لئے امریکہ سے جمناسٹک کے 200ماہرین کی ٹیم بلوائی گئی جس نے 20دن کی کڑی محنت کے بعدکترینہ کیف اور عامر خان کو خطرناک کرتب سکھائے۔

گانا ریلیز ہوا تو ہر شخص نے اسے پسند کیا، داد دی اور یوں فلم کی کامیابی کی راہیں کھلتی چلی گئیں۔ فلم نے اربوں روپے کا بزنس کیا۔

ہائی وولٹیج انرجی سانگ کے بعد اب کچھ باتیں ایک ایسے گانے کی جو پکچرائز کیا گیا ایشوریہ رائے اور مادھوری دکشت پر۔ فلم تھی سنجے لیلا بنسالی کی’ دیوداس‘ اور گانا تھا ’ڈولا رے ڈولا‘

دیوداس کو اس وقت کی مہنگی ترین فلم ہونے کا اعزاز ملا جبکہ گانے کےہر فریم پر پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا۔خرچ آیا ڈھائی کروڑ روپے۔۔اور فلم نے کتنا بزنس کیا یہ آپ اس کے میگا ہٹ ہونے سے اندازہ لگاسکتے ہیں۔

’پریم رتن دھن پائیو‘سلمان خان کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی۔اس کے ٹائٹل سانگ کا سیٹ ہی ڈھائی کروڑ میں تیار ہوا۔ تین سو ماہر کاریگروں نے اس پر کام کیا اور ساڑھے چھ ماہ اس پر وقت سرف ہوا۔

چلتے چلتے ایک مرتبہ پھر بات کریں گے آئٹم سانگ کی جو تھا فلم ’دھمال‘ سے اور جس کے بول تھے ۔۔’ جلیبی بائی‘۔۔ملیکہ شراوت پر پکچرائز اس سانگ پر ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔

ایک وضاحت کرتے چلیں کہ کامیاب گانے ہر بار فلم کو کامیاب بنانے کا سبب نہیں بنتے بلکہ ایسی فلموں کی بھی بہت سی مثالیں موجود ہیں جن پر پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا لیکن فلم ایک ہفتے سے زیادہ نہ چل سکی اور ہمیشہ کے لئے زنگ آلود ڈبے میں بند ہوگئیں۔

تازہ ترین