احمد پور شرقیہ جیسے اندوہناک سانحے کے بعد بھی آئل ٹینکرز مافیا کا دل نرم نہ ہوسکا،ہڑتال ختم کرانے کے لئے ہونے والے اوگرا اور آئل ٹینکرایسوسی ایشن کے مذاکرات ناکام ہوگئے ۔
حفاظتی اقدامات سے بچنے کے لئے آئل ٹینکر مافیا کی بلیک میلنگ رنگ دکھانے لگی،آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال دوسرے دن میں داخل ہونے کے بعد پٹرول کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ۔
آئل ٹینکر مالکان سانحہ احمد پور شرقیہ جیسے واقعات روکنے کے لیئے حفاظتی انتظامات اختیار کرنے سے انکاری ہیں، حکومت اور آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے ۔
اسلام آباد میں سیکریٹری پیٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین یوسف شاہوانی شریک ہوئے، جبکہ مذاکرات میں چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل اور ڈی جی آئل عبدالجبارمیمن بھی شریک ہوئے۔
مذاکرات کے دوران آئل ٹینکرز مالکان انسانی زندگی کو بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات ماننے کو تیار نہیں ،انہوں نے غیر معیاری ٹینکرز سے تیل کی سپلائی جاری رکھنے پر اصرار کیا ۔
اوگرا نے ٹینکرز مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے صاف انکار کردیا ،ترجمان کا کہناتھاکہ ٹینکرز مافیا بلیک میل کررہی ہے ہم بلیک میل ہوں گے اور نہ ہی کسی کو انسانی زندگی سے کھیلنے کی اجازت دیں گے ۔
ترجمان عمران غزنوی نے کہا کہ آئل ٹینکرز والے آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں بات کریں ، ان سے مذاکرات کو تیار ہیں، لیکن وہ بلیک میلنگ کرنا چاہتے ہیں، آئل ٹینکرزایسوسی ایشن سے درخواست کرتے ہیں لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں ۔
اوگرا ترجمان نے مزید کہا کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے پیچھے آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہیں،ان کے ہاتھ کو جلد بے نقاب کریں گے
اوگرا ترجمان کا کہناتھاکہ آج تک قوانین کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ، انسپکشن ٹیمیں بھیجیں تو سب کو یاد آگيا کہ قوانین پر عمل نہیں ہورہا ، خدا کےلیے آئل ٹینکرز مالکان انسانی زندگیوں سے نہ کھیلیں ۔
آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز نےکہا کہ آئل ٹینکر کے لئے اوگرا کے معیار پر فوری طور پر عمل درآمد ممکن نہیں ۔