• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفر کو آسان اور محفوظ ترین بنانے کے لئے دنیا بھر میں جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیاجارہا ہے لیکن دنیا میں اب بھی چند ایسے ایئرپورٹس موجود ہیں جو خطرے سے خالی نہیں۔

یہاں ہم آپ کو دنیا کے ایسے حیرت انگیز اور خطرناک ترین ایئرپورٹس کے بارے میں بتائیں گے جہاں پائلٹ جان پر کھیلتے ہوئے طیارے کو لینڈ اور ٹیک آف کراتے ہیں۔

اسکیاتھوس ایئرپورٹ ، یونان
اسکیاتھوس ایئرپورٹ کو دنیا کا خطرناک ایئرپورٹ تصور کیا جاتا ہے جو دو جزیروں کے درمیان واقع ہے اور پائلٹ کو انتہائی محتاط انداز میں لینڈنگ کے وقت سیاحوں کے اوپر سے طیارے کو لینڈ کرنا ہوتا ہے۔ لینڈنگ کے دوران جزیرے پر موجود سیاح اکثر طیارے کی ہوا کے دباؤ سے ڈگمگا بھی جاتے ہیں۔

لکلا ایئرپورٹ، نیپال
نیپال کے لکلا ایئرپورٹ کو بھی دنیا کے خطرناک ترین ایئرپورٹ میں شمار کیا جاتا ہے ۔

اس کی خطرناک بات یہ ہے کہ پائلٹ کو اونچی چٹانوں میں داخل ہونے کے بعد طیارے کو لینڈ کرانا ہوتا ہے جو کسی عام پائلٹ کے بس کی بات نہیں کیوں کہ پائلٹ کی معمولی سی غلطی سے طیارہ چٹان سے ٹکرانے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔

جولین ایئرپورٹ، آئرلینڈ
جولین ایئرپورٹ ساحل سمندر پر واقع ہے۔ طیارہ لینڈ یا ٹیک آف ہونے کی صورت میں اس طرح گمان ہوتا ہے کہ وہ ساحل پر موجود لوگوں سے ٹکرا جائے گا۔

پائلٹ کو طیارہ لینڈ کرانے پر اس قدر چوکنا رہنا پڑتا ہے کہ کہیں وہ لوگوں سے نہ ٹکرا جائے۔

کورچیول ایئرپورٹ، فرانس
فرانس کا کورچیول ایئرپورٹ 6 ہزار 588 فٹ بلندی پر واقع ہے جس کے ارد گرد برف سے ڈھکے بلند و بالا پہاڑ ہیں۔ اس ایئرپورٹ کا رن وے صرف 537 میٹر کا ہے اور خطرناک ترین بات یہ ہے کہ رن وے پر لینڈنگ کے وقت طیارہ ہچکولے کھاتا ہےاور اگردھند پڑنے یا گہرے بادل چھانے کی صورت میں اس ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔

گسٹاف تھری ایئرپورٹ، فرانس
گسٹاف ایئرپورٹ فرانس کے جزیرہ سینٹ برتھ لیمی میں واقع ہے جہاں صرف چھوٹے چارٹرڈ طیارے ہی لینڈ کرتے ہیں۔ اس ایئرپورٹ کی خطرناک بات یہ ہے کہ اس کا رن وے سڑک سے کئی فٹ نیچے ہے اور طیارے کو ڈھلوان میں لینڈ کرانا پڑتا ہے اور طیارے کو اڑانے کے لئے پائلٹ کو ایئرپورٹ سے متصل آبادی کے اوپر سے پرواز بھرنی پڑتی ہے۔

 

تازہ ترین