• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:سپریم کورٹ کے حکم پر مرکز اسلامی کی بحالی کا عمل شروع

Islamic Center Restored In Karachi After Supreme Court Order

سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں قائم مرکز اسلامی کو بحال کرنے کا عمل شروع کر دیا گیاہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے مرکز اسلامی کو سینما گھرمیں تبدیل کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے مرکز اسلامی کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

اعلیٰ عدالت کے حکم کے بعد مرکز اسلامی کی بحالی کے کام کی نگرانی چیئرمین اسپورٹس اینڈ کلچر اعجاز اے خان کر رہے ہیں۔
کے ایم سی کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے سینما کے اطراف میں لگے مختلف پوسٹرز ، بینرز اور پینا فلیکس ہٹا دیئے گئے ہیں جبکہ قرآنی آیت کے آگے لگے ہوئے لکڑی کے بورڈز بھی اکھاڑ دیئے ہیں ،جس کے بعد کلمہ طیبہ اور آیتِ قرآنی نمایاں طور پر نظر آنے لگی ہیں ۔

اس حوالے سے سینما کے عہدیدا ر عمران علی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں 28 جولائی کو اس کیس کی سماعت ہے،اس لئے آج اس کارروائی کی ضرورت نہیں تھی ۔ انہوں نےمطالبہ کیا کہ یہاں ہم نے بھاری سرمایہ لگایا ہے وہ واپس لوٹایا جائے اور متبادل جگہ فراہم کی جا ئے ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ہم اپنے وکیل سے مشورہ کر نے کے بعد کے ایم سی کےخلاف عدالت سے رجوع کریں گے ۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے نمائندہ ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ انہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے اور اس پر عملدرآمد پر بہت خوشی ہے ، وہ چاہتے ہیں کہ مرکز اسلامی کو سینما میں تبدیل کرنے والوں کے خلاف کا رروائی ہو نی چاہیے ،اور انہیں سخت سے سخت سزادی جا نی چاہیے ۔

27 جولائی کو ہو نے والے دھرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ مرکز اسلامی کے سامنے 27جولائی کے روز ہی جمع ہوں گے اورمرکز اسلامی کی بحالی پر تشکر منائیں گے۔اس سے قبل ماضی میں مرکز اسلامی کی جگہ سینما گھر بنایا گیا تھا، جس پر سپریم کورٹ نے ایکشن لیتے ہوئے اسے بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

عدالتی حکم میں مرکز اسلامی کو اصل حالت میں بحال کرنے اور اس کی حیثیت تبدیل کرنے والے کے ایم سی افسران کے خلاف بھی کارروائی کرنے اور متعلقہ افسران کا معاملہ نیب کو بھیج کر 15روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

تازہ ترین