• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ٹینکرزمافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے

Government Withdraws Oil Tankers Mafia Wins

بلیک میل نہ ہونے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے، پٹرول کا بحران پیدا ہوتے ہی حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے، ہڑتال ختم کرانے کے لیئے آئل ٹینکر زمافیا کو حفاظتی ضابطوں پر عملدرآمد سے 15 دن کی چھوٹ دے دی ۔

ہڑتال کے خاتمے کا اعلان ہوتے ہی کراچی سے ملک بھر کے لیے آئل ٹینکر چل پڑے ، ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل شروع کر دی گئی ۔

آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین یوسف شاہوانی نے حکومت سے مذاکرات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ ان کے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں ،ملک میں پٹرول کی جو قلت پیدا ہوئی ہے اس کی ذمہ دار بھی حکومت ہے۔

ترجمان اوگرا عمران غزنوی کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز کے حفاظتی انتظامات پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے ۔

ترجمان اوگرا نے کہا کہ اگلے ہفتے آئل کمپنیز کے ساتھ میٹنگز کریں گے، جن میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز کی شکایات سنی جائیں گی، اس حوالے سے سیکریٹری پٹرولیم کی زیر صدارت کمیٹی قائم کی جائے گی۔

مذاکرات تو کامیاب ہونے کا اعلان کر دیا گیا ،مگر کئی اہم سوالات اب بھی جواب طلب ہیں،کیا آئل ٹینکرز کے حفاظتی اور فٹنس معیارات چیک کیے جائیں گے؟کیا معیار پر پورا نہ اترنے والے آئل ٹینکرز کو روک دیا جائے گا ؟

آئل ٹینکرز مالکان کے مبینہ ناجائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دوبارہ ہڑتال تو نہیں ہو جائے گی؟ہڑتال کی دھمکیوں میں آ کر حکومت کہیں گھٹنے تو نہیں ٹیک دے گی؟اگر آئندہ کوئی ایسی ہڑتال ہوئی تو عوام کو مشکلات سے بچانے کے لیے متبادل انتظامات کیا ہیں؟

تازہ ترین