• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم اکثریتی سوڈان اب چرچ آف انگلینڈ کا 39 واں صوبہ

Muslim Majority Sudan Is Now The 39th Province Of The Church Of England

مسیحیوں کے اینگلیکن چرچ کے اعلیٰ ترین مذہبی رہنما اور برطانیہ میں کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن وَیلبی نے مسلم اکثریتی افریقی ملک سوڈان کو عالمی اینگلیکن کلیسا کا 39 واں صوبہ قرار دے دیا ہے۔

سوڈانی دارالحکومت خرطوم سے اے ایف پی کی رپورٹس کے مطابق کینٹربری کے آرچ بشپ نے یہ اعلان اتوار کو اکثریتی مسیحی آبادی والے جنوبی سوڈان کی شمالی سوڈان سے علیحدگی اور آزادی کے چھ برس بعد کیا۔

شمالی سوڈان پر مشتمل اور ماضی کی طرح سوڈان کہلانے والی موجودہ ریاست کی اکثریتی آبادی مسلمان ہے اور جنوبی سوڈان کے زیادہ تر عوام مسیحی عقیدے کے حامل ہیں۔

اس پس منظر میں جنوبی سوڈان کی سوڈان سے علیحدگی کے بعد سے اب تک سوڈان میں اینگلیکن چرچ کا انتظام جنوبی سوڈان سے چلایا جاتا تھا۔ لیکن اب کینٹربری کے آرچ بشپ نے سوڈان کو عالمی اینگلیکن برادری کا 39 واں صوبہ قرار دے دیا ہے۔

کئی برسوں تک جاری رہنے والی خونریز خانہ جنگی کے بعد جنوبی سوڈان نے سوڈان سے 2011ء میں آزادی حاصل کی تھی۔ چھ سال پہلے تک کی سوڈانی ریاست کی تقسیم سے قبل وہاں جاری اس خانہ جنگی میں دو ملین سےز ائد انسان مارے گئے تھے۔

اس سلسلے میں ایک مذہبی تقریب دارالحکومت خرطوم میں منعقد ہوئی جس میں آرچ بشپ وَیلبی بھی شریک ہوئے۔ عالمی اینگلیکن برادری کے رکن قومی اینگلیکن کلیساؤں کی دنیا بھر میں تعداد آج تک 38 تھی جنہیں ’صوبے‘ کہا جاتا ہے۔ سوڈان کی شمولیت کے ساتھ اب ان صوبوں کی تعداد انتالیس ہو گئی ہے۔

ان انتالیس صوبوں کے علاوہ چھ دیگر کلیسائی شاخوں کے طور پر عالمی اینگلیکن برادری کے ارکان میں چھ ایسے ممالک یا علاقے بھی شامل ہیں جنہیں ’اضافی صوبے‘ کہا جاتا ہے۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں اینگلیکن کلیسا کے پیروکار مسیحیوں کی تعداد 85 ملین بنتی ہے۔

اس موقع پر عالمی اینگلیکن برادری کے مذہبی رہنما اور برطانیہ میں کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن وَیلبی نے کہا کہ سوڈان کو اینگلیکن چرچ کا انتالیسواں صوبہ بنایا جانا اور خرطوم میں پہلی مرتبہ ایک آرچ بشپ کی تقرری کا فیصلہ سوڈان میں مسیحی برادری کے لیے ایک ’نئے آغاز‘ کی علامت ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ خرطوم کے آل سینٹس کیتھیڈرل میں ہونے والی اسی تقریب میں امریکی، یورپی اور افریقی ملکوں کے سفارت کاروں کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں مسیحی حاضرین کی موجودگی میں ایزیکیل کونڈو کُمیر کُوکُو نے خرطوم کے پہلے آرچ بشپ کے طور پر باقاعدہ طور پر اپنی کلیسائی ذمے داریاں بھی سنبھال لیں۔

کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن وَیلبی عالمی اینگلیکن برادری کے مذہبی رہنما اور اینگلیکن چرچ کے روحانی سربراہ ہیں۔ عرف عام میں مسیحی عقیدے کی اس شاخ کو چرچ آف انگلینڈ بھی کہا جاتا ہے۔

تازہ ترین