• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر کا مقدس مقامات سے متعلق مطالبہ جارحانہ ہے، سعودی عرب

The Statement Of Qatar Is Aggressive About Holy Places Saudi Arabia

سعودی عرب نے کہا ہے کہ قطر کا حج کے مقدس مقامات کو بین الاقوامی بنانے کا مطالبہ ایک جارحانہ فعل اور سعودی مملکت کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔ دوسری جانب قطر نے اسے اپنے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دے دیا۔

یہ بات سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ایک عرب نیوز چینل کو انٹرویو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے کسی بھی فریق کو جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں جو مقدس مقامات کو بین الاقوامی قرار دینے کے لیے کام کررہا ہے۔

عادل الجبیر نے قطر کی جانب سے حج کے معاملات کو سیاسی بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب قطر کی جانب سے اپنے عازمین حج کی مملکت میں آمد کو روکنے کے لیے اور حج امور کو سیاسی بنانے کی کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مملکت کی عازمین حج کے خیر مقدم اور انہیں سہولتیں مہیا کرنے کی تاریخ بڑی واضح ہے اور انہیں ہر طرح سے سہولتیں مہیا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن الرحمان الثانی نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ قطر نے اس قسم کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے۔ یہ جھوٹی خبریں ہمارے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں۔

تازہ ترین