• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب :تعلیمی اداروں میں سافٹ ڈرنک کی فروخت پر پابندی

Sale Of Soft Drinks Ban In Punjab Educational Institutions

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے تمام تعلیمی میں سافٹ ڈرنک پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا جس کا اطلاق 14 اگست کے بعد سے ہوگا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کے مطابق پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں 14 اگست کے بعد سے سافٹ ڈرنک کی فروخت پر قانونی پابندی عائد ہوگی، اس ضمن میں تمام تعلیمی اداروں اور کمپنیوں کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے بعد تمام کمپنیاں اس بات کی پابند ہوں گی کہ وہ تعلیمی اداروں میں سافٹ ڈرنک سپلائی نہ کریں تاہم خلاف ورزی کرنے والی کمپنی اور تعلیمی ادارے کو قانون کے تحت سزا دی جائے گی، یونیورسٹی، کالجز اور اسکولوں میں موجود تمام کینٹین مالکان کو بھی پابندی سے متعلق آگاہ کردیا گیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سافٹ ڈرنک کی پابندی حفاظتی تدابیر کے تحت لگائی گئی ہے کیونکہ ترقی یافتہ ممالک امریکا، سعودی عرب، دبئی اور مختلف عرب ریاستوں کے تعلیمی اداروں میں سافٹ ڈرنک کی فروخت پر مکمل پابندی ہے کیونکہ اس سے طالب علموں کی صحت شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام اسکولوں میں کھانے پینے کی اشیاء سے متعلق ضابطہ اخلاق بنایا جارہا ہے اس کے تحت اشیاء کو بالترتیب لال ، زرد اور ہرا رنگ دیا جائے گا، لال رنگ کی اشیاء پر مکمل پابندی ہوگی اور سافٹ ڈرنک سمیت دیگر اشیاء کا شمار بھی اسی میں کیا جائے گا جبکہ زرد اور ہری اشیاء کی فروخت منظوری کے بعد فروخت کی اجازت دی جائے گی۔

نورالامین مینگل کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کروانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو مختلف اوقات میں چھاپہ مار کروائیاں کریں گی اور خلاف ورزی کرنے والے اسکول مالکان کے خلاف آئین کے مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ سافٹ ڈرنک کی فروخت پر 14 اگست کے بعد مکمل پابندی ہوگی اور اس کا اطلاق 13 ستمبر تک ہوگا، پابندی پر مکمل عملدرآمد کے لیے ٹیمیں تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گی۔

 

تازہ ترین