• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف سپریم کورٹ اور نیب پر دبائو ڈالنا چاہتے ہیں ، عمران خان

Nawaz Sharif Wants To Put Pressure On Supreme Court And Nab Imran Khan

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے پانچ ججوں نے نااہل کردیا، جی ٹی روڈ پر پچھلے دنوں ڈرامہ کیا گیا، نواز شریف کی دکھ بھری تقریر سنی کہ مجھے کیوں نکالا گیا، نواز شریف کہتے ہیں انہیں عوام نے مینڈیٹ دیا، انہیں نکالنے والے جج کون ہوتے ہیں۔ یہ سب کچھ وہ عدالت پر دبائو ڈالنے کے لیے کررہے ہیں۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے مشترکا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ سے عدالت نواز شریف کے خلاف تحقیقات کررہی تھی، نواز شریف کا یہ ڈرامہ سپریم کورٹ اور نیب پر دبائو ڈالنے کیلئے کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اداروں کے خلاف بات کررہے ہیں، انہوں نے 30 سال سے اداروں پر قبضہ کر رکھا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نیب نے حدیبیہ پیپرز کیس میں ابھی تک اپیل نہیں کی، آرمی چیف نے 3 مرتبہ کہا ہے کہ فوج جمہوریت، آئین اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں آپ سے ایک وعدہ لینا چاہتا ہوں، سچے لوگ بنو، سچ بولنا سیکھو، جو لوگ سچ بولتے ہیں اللہ ان کی عزت کراتا ہے، جو جھوٹ بولتا ہے انسان اس کی عزت نہیں کرتے، مجھے آپ سے توقع ہے کہ ہمیں سچ بولنا سیکھنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے کرکٹ میں پاکستان کی حکمرانی سے  لے کے کینسر اسپتال قائم کرنے تک کا جو خواب دیکھا وہ پورا کیا۔یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ عزت ہے، ہم زرعی ، صنعتی اور ہر قسم کی پالیسی بنائیں گے اور غربت کا خاتمہ کرینگے، میرٹ کا نفاذ کرینگے۔

تازہ ترین