• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفری کو دھکا دینے پر رونالڈو پر 5 میچز کی پابندی

اسپینش سپر کپ فٹ بال میں ریفری کو دھکا دینے پر کرسٹیانو رونالڈو کو پانچ میچز کے لیے معطل کردیا گیا ۔

میچ میں اس سے قبل ان کو دو بار یلوکارڈ دکھایا گیا تھا جو خود بخود ریڈ کارڈ میں تبدیل ہوگیا جس کے سبب انہیں میچ سے باہر نکال دیا گیا ۔

میچ کا پہلا یلو کارڈ رونالڈ کو 80 ویں منٹ میں گول کرنے کے بعد ٹی شرٹ اتارنے پر دیا گیا۔ اگلے ہی منٹ میں انہیں دوسرا کارڈ دکھایا گیا۔ کہا جارہا ہے کہ رونالڈو نے دراصل اس طرح میسی سے بدلہ لیا تھا۔بارسلونا کے اسٹار نے ریال کے خلاف اس کے ہوم گرائونڈ پر گول اسکور کرنے کے بعد اسی طرح جشن منایا تھا۔

رونالڈو کو میدان سے باہر بھیجے جانے کے باوجود بارسلونا کے خلاف ریال میڈرڈ نے اسپینش سپر کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ کے مقابلے میں 3۔1کی شاندار فتح اپنے نام کر لی۔

رونالڈو کو دوسرے ہاف میں بطور متبادل کھلاڑی اتارا گیا تھا لیکن انہیں ایک کے بعد ایک دو زرد کارڈ مل گئے۔ اس موقع پر انہوں نے طیش میں آکر ریفری کو دھکا دیا جسے ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔ اس حرکت پر ان پر 12 میچز کی پابندی کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

یہ ان کے کیریئر کا 10 واں ریڈ کارڈ ہے۔ میچ ریفری نے اپنی رپورٹ میں رونالڈو کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرادی ہے۔ پابندی کے سبب وہ لالیگا کے ابتدائی میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔ انہیں ایک میچ کی پابندی دو یلو کارڈز جبکہ چار میچز کی سزا ریفری کو دھکا دینے پر سنائی گئی۔

رونالڈو کے پاس اس سزا کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 10 دن ہیں۔

تازہ ترین